۲۲ شهریور ۱۴۰۳ |۸ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 12, 2024
مدارس غزہ

حوزہ/ یونیسیف کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ سال 7 اکتوبر سے اب تک اسکولوں پر صیہونی حکومت کے حملوں میں پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔

حوزہ نیو زایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی حکومت نے گذشتہ ہفتے کے روز صبح کی نماز کے دوران غزہ کے مرکز میں التابعین اسکول پر بمباری کرکے 100 سے زائد بے گھر افراد کو شہید اور درجنوں دیگر فلسطینیوں کو زخمی کردیا، حماس نے اعلان کیا ہے کہ شہداء میں ایک بھی حماس کا فوجی نہیں تھا۔

اسرائیلی فوج حماس کے فوجیوں کی موجودگی کا بہانہ بنا کر کئی بار سکولوں، ہسپتالوں اور رہائشی عمارتوں پر حملے کر چکی ہے، تاہم زیادہ تر واقعات میں صہیونی فوج نے کبھی حماس کے فوجیوں کی موجودگی کا ثبوت پیش نہیں کیا۔

گزشتہ دس مہینوں میں غزہ کے 500 اسکولوں پر صہیونی حملے

مدرسہ التابعین پر بمباری نے عالمی برادری کے غم و غصے کو بھڑکا دیا اور کئی ممالک اور بین الاقوامی اداروں نے ان حملوں کی شدید مذمت کی۔

یہ حملہ صیہونی حکومت کی طرف سے غزہ کی پٹی میں کیے جانے والے بھیانک ترین جرائم میں سے ایک ہے، تاہم غزہ جنگ کے دوران اسرائیلی فوج نے متعدد بار فلسطینی بچوں کے اسکولوں کو نشانہ بنایا ہے، الجزیرہ نیوز چینل نے اپنی ایک رپورٹ میں غزہ میں اسکولوں پر صیہونی حکومت کے حملوں کے سلسلے میں تحقیقات کی ہیں۔

غزہ جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک اسرائیلی فوج کی جانب سے متعدد بار شہروں اور رہائشی علاقوں کو خالی کرنے کے احکامات جاری کیے جانے کی وجہ سے تقریباً 20 لاکھ فلسطینی اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں، جہاں ان پناہ گزینوں کی پناہ گاہوں میں اسکول بھی شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) کے اعدادوشمار کے مطابق 6 جولائی تک غزہ میں 564 اسکولوں کو اسرائیلی فوج کے حملوں میں نشانہ بنایا گیا یا انہیں نقصان پہنچایا گیا۔

غزہ کی پٹی کے شمال میں 95 اسکول، غزہ شہر میں 208، دیر البلح میں 70 اسکولی عمارتیں (جسے حالیہ ہفتوں میں سیف زون قرار دیا گیا تھا)، خان یونس میں 125 اسکول اور رفح میں 66 اسکول اسرائیلی فوج کے حملے میں تباہ ہوئے یا انہیں نقصان پہنچا۔

یونیسیف کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ سال 7 اکتوبر سے اب تک اسکولوں پر صیہونی حکومت کے حملوں میں پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .