۲۳ آذر ۱۴۰۳ |۱۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 13, 2024
آية الله السيد علي السيستاني

حوزہ/ حضرت آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی نے غزہ کے علاقے الدرج میں اسرائیل کے ہولناک حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید علی حسینی سیستانی کے دفتر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے غزہ کے علاقے الدرج میں اسرائیل کے ذریعے پناہ گزینوں کے ایک اسکول کو نشانہ بنا نے پر مذمت کی کہ جس میں سو سے زیادہ شہید ،درجنوں زخمی اور مفقود ہو گئے۔

بیان کا متن حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

غزہ میں ایک مرتبہ پھر غاصب صہیونی حکومت نے پناہ گزینوں پر بے رحمانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں سینکڑوں بے گناہ افراد شہید اور زخمی ہوئے، یہ جنایت بھی اسرائیل کی ان جنایتوں کا تسلسل ہے جو گزشتہ 10 مہینوں سے غزہ میں جاری ہے۔

حالیہ عرصے میں غاصب صہیونی حکومت نے مزاحمت کے سرکردہ افراد کو نشانہ بنایا اور متعدد افراد کو شہید کر کے خطے کے کئی ممالک کی خود مختاری کو پامال کیا، جس کے نتیجے میں تنازعات کا خطرہ بڑھ گیا، اگر ایسا ہوا تو اس خطے کے تمام ممالک اور عوام کے حق میں تباہ کن نتائج سامنے آئیں گے۔

انسان کی زبان سے نکلے ہوئے الفاظ ان گھناؤنے جرائم کی مذمت کرنے سے قاصر ہیں جو تمام انسانی اقدار اور اصولوں سے عاری ہیں، بہت ہی افسوس کا مقام ہے کہ اس جیسے ظالم ملک کی بہت سے بڑے بڑے ممالک لامحدود حمایت کر رہے ہیں، یہ ممالک انسانیت کے خلاف جرائم کے مرتکب افراد پر بین الاقوامی قوانین کو نافذ نہیں کرتے۔

ہم ایک بار پھر پوری دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس بھیانک اور خوفناک ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور قابض صہیونی افواج کو فلسطین کے مظلوموں پر مزید ظلم کرنے سے روکیں۔

ہم ملت اسلامیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ غزہ میں جاری نسل کشی اور جنگ کو روکیں اور وہاں کے لوگوں کی مزید مدد کریں اور متحد ہو کر ان کا تعاون کریں۔

دفتر آیت اللہ سیستانی – نجف اشرف

٥ / صفر/ ١٤٤٦هـ ق مطابق١٠/ اگست/ ٢٠٢٤عیسوی

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .