ہفتہ 25 اکتوبر 2025 - 16:54
عراق میں وینیزویلا کے سفیر کی کربلا آمد؛ وطن اور جنوبی امریکہ کے امن کے لیے دعا

حوزہ/ عراق میں وینیزویلا کے سفیر آرتورو انیبال نے نجف اشرف اور کربلائے معلی کی زیارت کے دوران کہا کہ وہ ان مقدس مقامات پر اپنے ملک اور جنوبی امریکہ کے عوام کے لیے دعا کرنے آئے ہیں تاکہ ان خطوں میں امن و استحکام قائم ہو۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق میں وینیزویلا کے سفیر آرتورو انیبال نے نجف اشرف اور کربلائے معلی کی زیارت کے دوران کہا کہ وہ ان مقدس مقامات پر اپنے ملک اور جنوبی امریکہ کے عوام کے لیے دعا کرنے آئے ہیں تاکہ ان خطوں میں امن و استحکام قائم ہو۔

وینیزویلا اس وقت سیاسی و اقتصادی چیلنجوں اور امریکہ کی شدید دھمکیوں کا سامنا کر رہا ہے۔ ایسے حالات میں سفیر آرتورو انیبال نے مقدس مقامات کی زیارت کو اپنے وطن کے لیے روحانی سہارا قرار دیتے ہوئے کہا: “ہم نجف اشرف اور کربلائے مقدس آئے ہیں تاکہ ان مقامات کی زیارت کریں اور وینیزویلا سمیت جنوبی امریکہ کے لیے سکون و اطمینان کی دعا کریں۔ ہم اپنے ملک کے لیے، جو اس وقت مختلف خطرات سے دوچار ہے، خدا سے مدد کے خواستگار ہیں۔”

وینیزویلا کے سفیر نے زیارت کے دوران کربلا اور نجف کے گورنروں سے بھی ملاقات کی اور بغداد و کاراکاس کے درمیان تعلقات مضبوط کرنے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔

انہوں نے کربلا میں عتبہ حسینیہ کے روابطِ عامہ کے شعبے کی ہم آہنگی سے آیت اللہ العظمیٰ سیستانی کے نمائندے شیخ عبدالمہدی کربلائی سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر سفیر نے عتبہ حسینیہ کی منظم خدمات، انسانی جذبے اور ثقافتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ“یہ حرم نہ صرف روحانیت کا مرکز ہے بلکہ دنیا بھر میں امن، باہمی احترام اور انسانی ہمزیستی کے پیغام کا علمبردار ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ وینیزویلا عراق کے ساتھ اپنے ثقافتی اور انسانی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور باہمی تعاون کے نئے راستے کھولنے کا خواہاں ہے۔

اس موقع پر عتبہ حسینیؑہ کے سیکرٹری جنرل حسن رشید العبایجی نے کہا کہ “امریکی براعظم، خصوصاً کارائیب ممالک کے عوام مخلص، باوقار اور انسان دوست ہیں، اور وینیزویلا کی تاریخ مظلوم قوموں کی حمایت اور حق کی سربلندی سے روشن ہے۔”

سفیر آرتورو انیبال کی یہ زیارت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ کربلا صرف اہل ایمان کے لیے نہیں بلکہ دنیا کے ہر مظلوم اور امن پسند انسان کے لیے امید و روحانیت کا مرکز ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha