حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بوشہر کے معروف عالم دین حاج میرزا محمد صدر نے اپنے بچپن کا ایک حیرت انگیز واقعہ بیان کیا ہے، جس میں حضرت علی علیہ السلام سے توسل نے انہیں اور ان کے بھائی کو بھوک اور پریشانی سے نجات دی۔
تفصیل کے مطابق، جب ان کے والد حاج شیخ محمد علی نجف سے ہندوستان کے سفر پر گئے تو گھر کے اخراجات کے لیے چھوڑا گیا سرمایہ چند دنوں میں ختم ہوگیا۔ چھ سے سات برس کے یہ دونوں بچے بھوک سے نڈھال ہو کر شام کے وقت روتے ہوئے اپنی والدہ سے لپٹ گئے۔ ان کی والدہ نے دونوں بچوں کو وضو کرایا، پاک و صاف کپڑے پہنائے اور انہیں حرم امیر المؤمنینؑ لے گئیں۔ والدہ نے کہا کہ آپ دونوں جا کر حضرت علیؑ سے عرض کریں کہ ’’ہمارے والد سفر میں ہیں اور ہم آج رات بھوکے ہیں، آپ ہی ہماری مدد فرمائیں‘‘۔
دونوں بچے ضریح سے لپٹ کر روئے، حاجت طلب کی اور گھر کے اخراجات کے لئے دعا کی۔ مغرب کی اذان اور نماز کے بعد ایک شخص سامنے آیا، ایک تھیلی بچوں کے ہاتھ میں تھمائی اور کہا: یہ اپنی والدہ کو دے دو، اور جب تک تمہارے والد واپس نہ آئیں، جس چیز کی ضرورت ہو، فلاں جگہ سے لے لیا کرنا۔
بیان کے مطابق، والد کی واپسی تک کئی ماہ گزر گئے، اور اس تمام مدت میں یہ بیوی بچے بہترین انداز زندگی بسر کرتے رہے، یہاں تک کہ اہلِ نجف کے معزز اور مالدار گھرانوں کی طرح زندگی گزاری۔









آپ کا تبصرہ