حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ پٹی میں انسانی المیہ اپنی انتہاؤں کو چھو رہا ہے، جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھوک اور غذائی قلت کے باعث مزید 14 فلسطینی شہری شہید ہو گئے ہیں، جن میں دو معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
بین الاقوامی ذرائع کے مطابق، غزہ کے مختلف اسپتالوں میں حالیہ دنوں میں بھوک سے اموات کا سلسلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی "معاً" نے اطلاع دی ہے کہ اب تک بھوک اور غذائی قلت کے سبب شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 147 تک پہنچ چکی ہے، جن میں 88 بچے شامل ہیں۔
اس دل دہلا دینے والی صورتِ حال کی بنیادی وجہ صیہونی قابض حکومت کی جانب سے غزہ کا مسلسل اور سخت محاصرہ ہے، جس نے انسانی امداد کے تمام راستوں کو محدود کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی "انروا" (UNRWA) نے اپنی حالیہ رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ مارچ سے جون کے درمیان پانچ سال سے کم عمر بچوں میں غذائی قلت کی شرح دوگنی ہو گئی ہے، جو ایک خطرناک اور تشویشناک علامت ہے۔
عالمی ادارۂ صحت (WHO) نے بھی غزہ میں غذائی بحران کو "انتہائی سنگین" قرار دیا ہے۔ اس ادارے کے مطابق، شہر غزہ میں ہر پانچ میں سے ایک بچہ شدید غذائی قلت کا شکار ہے، اور اگر امداد میں مزید تاخیر ہوئی تو مزید جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے۔
اقوام متحدہ کے معاون سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور اور ہنگامی امداد کے رابطہ کار، مسٹر ٹام فلیچر نے موجودہ صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے: "غزہ میں ہر تین میں سے ایک شخص کئی دنوں سے بھوکا ہے۔ یہاں لوگ صرف غذا حاصل کرنے کی کوشش میں اپنی جان گنوا رہے ہیں، اور بچے بھوک سے مر رہے ہیں۔"
انہوں نے ایک بیان میں عالمی برادری سے اپیل کی کہ انسانی بنیادوں پر امداد کی فوری، بلا رکاوٹ اور محفوظ فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو افراد امداد حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، انہیں نشانہ بنانا انتہائی غیر انسانی عمل ہے، اور کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔
مسٹر فلیچر نے زور دے کر کہا کہ امدادی قافلوں کو فوری طور پر غزہ کی سرحدوں سے گزرنے کی اجازت دی جائے، اور غذا کی تقسیم کو کسی صورت میں حملوں یا تاخیر کا نشانہ نہ بنایا جائے، کیونکہ وقت کی ہر تاخیر ایک نئی جان کی قیمت چکاتی ہے۔
واضح رہے کہ غزہ اس وقت عالمی ضمیر کے لیے ایک امتحان بن چکا ہے، جہاں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔









آپ کا تبصرہ