جمعرات 31 جولائی 2025 - 12:29
غزہ کے علاقے السودانیہ میں اسرائیلی فوج کا وحشیانہ حملہ؛ 51 فلسطینی شہید، 648 زخمی

حوزہ/ مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں صیہونی افواج نے ایک اور اندوہناک قتلِ عام کو جنم دیا، جس میں فلسطینی شہریوں کو اس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جب وہ شمالی غزہ کی پٹی کے علاقے السودانیہ میں امدادی سامان کے منتظر تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں صیہونی افواج نے ایک اور اندوہناک قتلِ عام کو جنم دیا، جس میں فلسطینی شہریوں کو اس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جب وہ شمالی غزہ کی پٹی کے علاقے السودانیہ میں امدادی سامان کے منتظر تھے۔

غزہ کی مقامی حکومت کے میڈیا دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کی شام بھوک سے نڈھال اور امداد کے منتظر شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کم از کم 51 فلسطینی شہید اور 648 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

لبنانی نشریاتی ادارے المیادین نے غزہ حکومت کے بیان کے حوالے سے مزید رپورٹ دی ہے کہ بدھ کے روز 112 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوئے، تاہم صیہونی حکومت کی جانب سے پیدا کردہ سکیورٹی افراتفری کے سبب بیشتر ٹرکوں کو لوٹ لیا گیا، اور متاثرین تک امداد کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی۔

بیان میں صیہونی حکومت کے ان جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ: ’’ہم اس وحشیانہ اور خونریز پالیسی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس کے تمام تر نتائج کی ذمہ داری قابض اسرائیلی حکومت اور اس کی پشت پناہی کرنے والے ممالک پر عائد کرتے ہیں۔‘‘

غزہ کی مقامی حکومت نے اس سانحہ کو فلسطینی عوام کو بھوک کے ذریعے جنگی ہتھیار بنانے کی صیہونی پالیسی قرار دیا اور کہا کہ السودانیہ کا قتل عام اس بات کی تازہ ترین مثال ہے کہ کس طرح اسرائیل بھوک و افلاس کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

غزہ کی حکومت نے بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر سرحدی راستے کھولیں، محفوظ اور منظم انداز میں امداد کی رسائی کو یقینی بنائیں اور اس انسانی المیے کو مزید بڑھنے سے روکیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha