بدھ 23 جولائی 2025 - 06:56
غزہ پر صہیونی حملے جاری؛ 136 فلسطینی شہید، بھوک سے بچوں کی اموات میں اضافہ

حوزہ/ الجزیرہ چینل نے بدھ کی صبح رپورٹ دیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں غزہ پٹی میں 136 فلسطینی شہید ہو گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی حکومت کے مجرمانہ حملے بدھ کی صبح بھی غزہ پٹی پر جاری رہے، جن میں درجنوں فلسطینی شہید ہوئے۔ یہ حملے عالمی اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کی خاموشی کے سائے میں ہو رہے ہیں۔

قطری چینل الجزیرہ نے طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ منگل کی صبح سے لے کر بدھ کی صبح تک، اسرائیلی حملوں میں 136 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

الجزیرہ کے غزہ میں موجود نمائندے کے مطابق:"45 فلسطینی جو انسانی امداد کے منتظر تھے، اسرائیلی حملے میں مارے گئے، جب کہ 3 عام شہری شدید بھوک کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ صرف گزشتہ تین دنوں میں، 21 بچے غذائی قلت اور بھوک سے جان بحق ہو چکے ہیں۔"

رپورٹ میں مزید بتایا گیا:"طبی ذرائع کے مطابق غزہ میں 9 لاکھ سے زائد بچے شدید بھوک کا شکار ہیں، جن میں سے 70 ہزار بچوں کی حالت خطرناک حد تک بگڑ چکی ہے اور وہ شدید غذائی قلت میں مبتلا ہو چکے ہیں۔"

الجزیرہ نے خبردار کیا: "بھوکے بچوں کی اموات اور اسپتالوں میں مریضوں کا دم توڑ جانا، اب غزہ کے مصیبت زدہ عوام کے لیے ایک روزمرہ کی دردناک حقیقت بن چکی ہے، جب کہ صہیونی قابض افواج اب بھی امدادی کارکنوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔"

رپورٹ کے اختتام پر بتایا گیا: "7 اکتوبر 2023 سے اب تک، اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں شہداء کی مجموعی تعداد 59 ہزار 106 ہو چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 42 ہزار 511 تک جا پہنچی ہے۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha