جمعہ 25 جولائی 2025 - 15:29
آیت اللہ شیخ یعقوبی کا غزہ کے لیے فوری خوراک اور دوا کی امداد کا مطالبہ

حوزہ/ آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد یعقوبی نے غزہ کے عوام کو بھوک اور موت سے نجات دلانے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے عراقی حکومت اور اسلامی ممالک سے کہا ہے کہ وہ اپنی انسانی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے نبھائیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد یعقوبی نے ایک بیان میں غزہ کے مزاحمتی عوام کی فوری امداد کا مطالبہ کیا ہے۔

بیان کا مکمل متن درج ذیل ہے:

بِسْمِ الله الرَّحْمَٰنِ الرَّحِیمِ

نیوز ایجنسیاں غزہ کے عوام کی دردناک بھوک اور قحط کی صورتحال کی تصاویر شائع کر رہی ہیں، جس کا آج غزہ کے صابر اور مظلوم عوام کو سامنا ہے؛ یہ تصاویر ہر دردمند اور باضمیر انسان کا دل جلا دیتی ہیں اور حتیٰ کہ سخت پتھر کو بھی غم کی شدت سے نرم کر دیتی ہیں۔

جب معاویہ کی افواج نے انبار شہر پر حملہ کیا اور ایک غیر مسلم خاتون کے زیورات کو لوٹ لیا تو امیر المؤمنین علی علیہ السّلام نے اس وقت بھی درد و الم سے بھرپور دل کے ساتھ کوفہ کے منبر پر فرمایا تھا: اگر مسلمان اس واقعہ (غیر مسلم عورت پر اسلامی حکومت کے دور میں حملہ) کو سن کر غم و اندوہ سے مر جائے تو اس کی کوئی ملامت نہیں کی جائے گی، بلکہ میری نظر میں وہ ایسی موت کا حقدار ہے۔ (نہج البلاغہ)

تو پھر کیسے ممکن ہے کہ مؤمنین اس انسانیت سوز بحران پر خاموش بیٹھیں؟

ہم عراقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مصر کے ساتھ مذاکرات کرے، تاکہ ضروری خوراک اور دوا کی امداد کو غزہ تک پہنچانے کے لیے راستے ہموار کیے جا سکیں اور یہ امداد غزہ کے لوگوں کی جان بچا سکے۔

عراقی قوم بھی اپنی پوری طاقت کے ساتھ ان امدادی کوششوں میں حصہ لے گی اور اپنے محروم (فلسطینی) بھائیوں کی مدد کرے گی۔

اور اللہ آپ کے ساتھ ہے اور وہ آپ کے اعمال کی پاداش کو ضائع نہیں کرتا۔ (سورۂ مبارکۂ محمد: 35)

اور ہر نیک عمل جو تم اپنے لیے بھیجتے ہو، تمہیں اللہ کے ہاں بہتر اور بڑی جزا ملے گی۔(سورۂ مبارکۂ مزمل: 20)

محمد یعقوبی؛ نجف اشرف

25 محرم 1447 ہجری قمری

21 جولائی 2025

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha