بدھ 23 جولائی 2025 - 22:23
مسلم حکومتوں کی غزہ کے عوام کے حوالے سے بے حسی دنیا و آخرت کی گرفت کا باعث بنے گی

حوزہ / تبلیغاتِ اسلامی رابطہ کونسل قم نے غزہ کے عوام پر جنگی جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے امریکی صہیونی امداد کی تقسیم کے مشکوک میکنزم پر فوری بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، تبلیغاتِ اسلامی رابطہ کونسل قم نے اپنے اعلامیہ میں کہا: "جمعہ ہائے خشم و نصر" ریلی اس ہفتے 25 جولائی 2025ء کو نماز عبادی-سیاسی جمعہ کے بعد ملک بھر میں بیک وقت منعقد ہو گی۔

اس کونسل نے اپنے اعلامیہ میں غزہ کے عوام کے خلاف جنگی جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے امریکی صہیونی امداد کی تقسیم کے مشکوک میکنزم پر فوری بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اعلامیہ کا متن حسبِ ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

شدید قحط، بھوک، پیاس، بے گھر ہونا، قتل عام، بے پناہی، بمباری اور معصوم بچوں کی موت، دنیا کے سب سے مظلوم اور بے سہارا انسانوں کی روزمرہ کی داستان ہے۔

دو ملین سے زائد انسانوں پر یہ ناروا دباؤ اور درد، تمام مسلمانوں اور آزادی کے متوالوں کو فریاد بلند کرنے اور اس کے خلاف اقدام کرنے کی دعوت دیتا ہے۔

بلاشبہ غزہ کے مظلوم عوام ان دنوں اپنی تاریخ کے سخت ترین حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ کچھ عربی و اسلامی حکومتوں کی خاموشی اور تمام نام نہاد عالمی اداروں کی بے توجہی میں اس وقت غزہ تاریخ کے سب سے بڑے قحط اور بے مثال قتل عام کے دہانے پر ہے۔

یہ انسانی قتل گاہ، ایک مکمل انسانی المیے کی تصویر ہے جہاں ظالم صہیونی حکومت بے مثال ڈھٹائی کے ساتھ روز بروز زندگی کی حدود کو تنگ کر رہی ہے اور اس محصور خطے میں جبری بھوک، زمینی محاصرہ اور بنیادی ڈھانچے کی مکمل تباہی اجتماعی اذیت اور منظم نسل کشی کے ہتھیار میں بدل گئی ہے۔

غزہ پٹی میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ اس حکومت کی مکمل شکست اور لاچاری کی عکاسی ہے جو مہینوں کی درندگی اور بمباری کے بعد جنگ بندی اور اپنے قیدیوں کی رہائی کے معاہدے میں ناکامی کے سبب اب پست ترین ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

آٹے اور کھانے کے انتظار میں فلسطینی پناہ گزینوں کے اجتماع پر صہیونی فوجیوں کا وحشیانہ حملہ اس ناکامی اور بربریت کی صرف ایک جھلک ہے۔ یہ پلید حکومت اب عالمی برادری کی شرمناک خاموشی میں بھوک اور پیاس کے ذریعے فلسطینی عوام کے قتل عام پر کمر بستہ ہے اور المیہ دن بدن سنگین تر ہوتا جا رہا ہے۔ یہ صورتحال حق کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے اقوام کی تاریخی ذمہ داری کو مزید بھاری بنا رہی ہے۔

تبلیغاتِ اسلامی رابطہ کونسل ان جنگی جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اقدام پر زور دیتی ہے اور امریکی صہیونی امداد کی تقسیم کے مشکوک میکنزم پر فوری بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے اور اسلامی و عربی حکومتوں کو متنبہ کرتی ہے کہ غزہ کی مظلوم اور مسلمان عوام پر ان بے مثال مصیبتوں کے مقابلے میں ان کی یہ بے حسی دنیا و آخرت کی سخت گرفت کا باعث بنے گی۔

اسی تناظر میں، صوبہ قم کے با غیرت عوام اور نماز گزارانِ جمعہ، اس ہفتے ۳ مرداد ۱۴۰۴ / 25 جولائی 2025ء کو نماز عبادی-سیاسی جمعہ کے بعد ملک بھر کے ساتھ ہم وقت "جمعہ ہائے خشم و نصر" ریلی میں مؤثر اور پرجوش شرکت کے ذریعے ملت فلسطین اور مظلومانِ عالم کے ساتھ عملی یکجہتی اور صہیونی قاتل گروہ اور اس کے اصل سرپرست، مجرم امریکہ سے اپنی شدید نفرت اور بیزاری کا اظہار کریں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha