حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے شہر سنندج کے اہلسنت عالم دین، مولوی محمدامین راستی نے کہا ہے کہ دشمن آغازِ انقلاب سے اب تک مسلسل اس کوشش میں رہا ہے کہ ملت اور نظام کو آمنے سامنے کھڑا کرے، اسی لیے وہ اپنے شیطانی اہداف کے حصول کے لیے ہر ممکن وسیلہ استعمال کرتا ہے، تاہم ملتِ ایران کو ہوشیار اور با بصیرت رہنے کی ضرورت ہے۔
مولوی محمدامین راستی نے کہا کہ دشمن نے 12 روزہ جنگ کے دوران اس خوش فہمی میں مبتلا ہو کر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف قدم اٹھایا کہ وہ نظام کو گرا دے گا، لیکن نہ صرف یہ کہ وہ اپنے اس شیطانی خواب کو پورا نہ کر سکا بلکہ اسے ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کو اس بات کی بھی امید تھی کہ فوجی حملوں کے پہلے ہی دن ملک کے اندر وسیع پیمانے پر بدامنی پھیل جائے گی، مگر اس کے برعکس ان حملوں نے ایرانی قوم کو مزید متحد کر دیا اور ملت نے صہیونی اور امریکی محاذ کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
سنندج کے نائب امام جمعہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمن ہمیشہ یہ سازش کرتا رہا ہے کہ عوام اور نظام کے درمیان دراڑ پیدا کی جائے، اسی لیے ہر طرح کے ذرائع اور امکانات کو بروئے کار لایا جاتا ہے، لہٰذا ضروری ہے کہ عوام دشمن کی پرانی اور ناکام سازشوں کا شکار نہ ہوں۔
مولوی راستی نے مزید کہا کہ ایک تلخ حقیقت یہ ہے کہ امریکہ، مغربی ممالک اور بالخصوص صہیونی قوتیں کبھی نہیں چاہتیں کہ ملتِ ایران سکون کا سانس لے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں تاجروں کے احتجاجات کو بہانہ بنا کر دشمن میڈیا جس انداز میں فضا کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے، وہ اسی حقیقت کا واضح ثبوت ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ دشمن میڈیا اور سیٹلائٹ چینلز دن رات کوشش کر رہے ہیں کہ جائز عوامی مطالبات کو انتشار کی طرف موڑا جائے، لیکن اللہ تعالیٰ ہمیشہ اس نظام اور ملت کا مددگار رہا ہے اور رہے گا۔









آپ کا تبصرہ