منگل 6 جنوری 2026 - 16:45
سری لنکا میں جشن ولادت امام علی علیہ السلام کا انعقاد، مختلف مذاہب کے نمائندوں کی شرکت

حوزہ/ حضرت امام علی علیہ السلام کی ولادت با سعادت کے موقع پر سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں مسلمانوں، مسیحیوں اور بدھ مت کے پیروکاروں کی مشترکہ شرکت سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کولمبو میں واقع اسلامی جمہوریہ ایران کے کلچر ہاؤس میں حضرت امام علی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے سلسلے میں جشن کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات اور افراد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز رہبرِ معظم انقلاب اسلامی کے بیانات پر مشتمل ایک وڈیو کلپ سے ہوا، جس میں امام علی علیہ السلام کی شخصیت، اخلاقی فضائل اور بلند مقام و منزلت کو اجاگر کیا گیا۔ اس وڈیو کو انگریزی سب ٹائٹلز کے ساتھ پیش کیا گیا۔

سری لنکا میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر علی رضا دلخوش نے اپنے خطاب میں امام علی علیہ السلام کی ہمہ گیر اور آفاقی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام علی علیہ السلام صرف مسلمانوں ہی کے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے عدل، اخلاق اور انسانیت کی عملی مثال ہیں۔ انہوں نے امام علی علیہ السلام کی خانۂ کعبہ میں ولادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اصل اہمیت “راہِ علی” کی ہے، جو فردی اور اجتماعی زندگی میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

اس موقع پر نہج البلاغہ کے مترجم مدنی نے امام علی علیہ السلام کی منفرد ولادت اور رسول اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ آپ کے گہرے روحانی و معنوی تعلق پر اظہارِ خیال کیا۔

تقریب سے صوفی روحانی انجمن کے سربراہ ابراہیم عبداللہ نے بھی خطاب کیا اور امتِ اسلامی کے درمیان امام علی علیہ السلام کے وحدت بخش کردار کو سراہا۔ انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کو شجاعت، خودمختاری اور فلسطینی عوام کی مخلصانہ حمایت کے حوالے سے ایک مثالی ملک قرار دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha