حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکز فقهی ائمه اطهار(ع) کے سرپرست آیت الله فاضل لنکرانی نے حالیہ فسادات پر اپنا مذمتی بیان جاری کیا ہے جس کا متن حسبِ ذیل ہے:
بسمالله الرحمن الرحیم
ومکروا ومکرالله والله خیرالماکرین
ملتِ فهیم اور غیور ایران
جیسا کہ آپ سب نے ان دنوں مشاہدہ کیا کہ امریکہ اور صہیونی خبیث دشمن 12 روزہ جنگ میں شکست فاش کے بعد اب ملکی داخلی مسائل میں فتنہ و فساد برپا کر کے ایران کو ٹکڑے کرنے جیسے مذموم عزائم کو عملی جامہ پہنانے پر متمرکز ہو گئے ہیں۔ حتی کہ اب واضح اور برملا اظہار کر رہے ہیں کہ ہم نے ایران میں اپنے تربیت یافتہ نمائندوں کے ذریعہ یہ سب اقدامات کئے ہیں۔
دشمن اپنے گماشتوں کے ذریعہ لوگوں کے جائز حقوق پر مطالبات کو غلط رنگ دے کر لوگوں کے اموال و جان، عسکری مراکز پر حملوں سمیت مساجد اور مقدس مقامات کو آگ لگانے جیسے گھناؤنے جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔
ہم سب پر واضح ہو گیا ہے کہ ایک ایرانی حتی اگر وہ مسلمان نہ بھی ہو تو کبھی بھی مسجد اور خانہ خدا کو آگ لگانے کی جسارت نہیں کر سکتا۔ لہذا جن افراد نے ان جرائم کا ارتکاب کیا ہے وہ غیروں کے پالتو ہیں جو اپنوں کا رنگ چڑھائے ہوئے ہیں۔
ہمارے خبیث اور پست دشمن کو آگاہ ہونا چاہئے کہ ملت ایران کسی بھی شرط پر انقلاب اور نظام اسلامی اور اپنے وطن کے دفاع سے ایک قدم پیچھے نہیں ہٹے گی۔
انقلاب اسلامی بیسیوں شہداء کے خون کا ثمرہ ہے اور یہ وطن اس قوم کی ناموس ہے اور اس زمین کے جوانان اور تمام افراد اس کا دفاع کریں گے۔ البتہ ہم حکام سے بھی تقاضا کرتے ہیں کہ وہ لوگوں کے جائز مطالبات کو سنیں اور ان کے مسائل کا فوری حل تلاش کریں۔
ہم ایران کی باشعور اور غیور عوام کو بھی نصیحت کرتے ہیں کہ وہ ہوشیار رہیں اور اپنی صفوں کو ان خبیث فسادیوں سے جدا کریں۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ جو لوگ عوامی املاک و اموال کو آگ لگانے اور بے گناہ انسانوں پر ظلم کرنے جیسے گھناؤنے جرم کا ارتکاب کر رہے ہیں وہ اسلام، خدا اور قرآن کریم کے سامنے آ کھڑے ہیں۔ ان افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
آج ہم سب کو رہبر معظم انقلاب کی ہدایت و رہنمائی میں انقلاب اسلامی اور اپنی سرزمین کی حفاظت اور امنیت کے لیے کوشاں رہنا چاہئے اور مل کر فسادیوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دینا چاہئے۔
والسلام علی من اتبع الهدی
محمدجواد فاضل لنکرانی
19 دی 1404 / 9 جنوری 2025ء









آپ کا تبصرہ