حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے شہر قم المقدسہ میں حالیہ واقعات کے خلاف جن میں شرپسندوں اور طاغوتی ایجنٹوں نے ملک بھر میں دہشتگردی کی اور عوامی املاک سمیت مقدسات کی توہین کی، ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں حوزہ علمیہ کی سپریم کونسل کے رکن آیت اللہ اراکی نے خطاب کے دوران لوگوں کے شعور اور بصیرت پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: آپ غیور اور بیدار قوم مبارکباد کے مستحق ہیں جو اپنے حسینی و علوی نظریات پر مضبوطی سے قائم ہیں اور جو وعدہ اہل بیت علیہم السلام سے کیا ہے اس پر ثابت قدم ہیں۔
انہوں نے ایران میں ہوئے حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: آج عوام کا یہ جم غفیر انقلاب اسلامی اور رہبر معظم سے محبت اور نظام اسلامی کے اصولوں سے گہرے تعلق کا ثبوت ہے اور آپ لوگوں کی یہ موجودگی ظاہر کرتی ہے کہ چند کرائے کے ایجنٹ ہمارے انقلابی حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے۔

آیت اللہ اراکی نے کہا: ہم مانتے ہیں کہ ہمارے ملک میں بھی بعض مشکلات موجود ہیں اور ان پر احتجاج کرنا اور اپنی آواز حکام تک پہنچانا عوام کا جائز حق ہے لیکن اس آڑ میں ملک میں افراتفری پھیلانا اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانا حتی مسجدوں، قرآن پاک اور امام زادوں کے حرم کو آگ لگانا ایرانی عوام میں سے کسی ایک فرد کا بھی کام نہیں یہ لوگ امریکہ و صیہونی دشمن کے کارندے ہیں جو عوامی جائز احتجاجات کو شرپسندی اور دہشتگردی کی طرف لے گئے اور اپنے وحشیانہ پن سے استکباری مذموم منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سرگرم رہے۔
انہوں نے مزید کہا: دشمن کو نہیں بھولنا چاہیے کہ ہم حسینی ہیں، ہماری شناخت حسینی و علوی ہونا ہے اور ہم قرآن و اہل بیت (ع) اور رہبر معظم کے پیرو ہیں۔

حوزہ علمیہ کی سپریم کونسل کے رکن نے کہا: امریکہ و صیہونیت جن کے ہاتھ معصوم افراد کے خون سے رنگے ہیں اور اسی طرح ان کے کرائے کے کارندے کبھی بھی ہماری باشعور اور بابصیرت عوام کو فریب نہیں دے سکتے، یہ قوم متحد ہے اور انقلاب و نظام اسلامی کے نظریات کی پابند اور ہم اپنے اعلی نظریات سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔









آپ کا تبصرہ