جمعہ 30 جنوری 2026 - 23:18
پاکستان کی غزہ امن بورڈ میں شمولیت، مسلمانوں سے غداری: آغا باقر الحسینی

حوزہ/مرکزی جامع مسجد سکردو میں نائب امام جمعہ علامہ آغا سید باقر الحسینی نے خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی غزہ امن بورڈ میں شمولیت مسلمانوں سے غداری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نائب امام جمعہ سکردو علامہ سید باقر حسین الحسینی نے خطبۂ جمعہ میں دینی، تعلیمی، قومی اور عالمی امور پر جامع اور دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی غزہ امن بورڈ میں شمولیت مسلمانوں سے غداری ہے۔

انہوں نے ایامِ شعبانیہ اور بالخصوص ولادتِ باسعادت حضرت امام مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف کو شایانِ شان انداز میں منانے پر زور دیا۔

انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ شبِ برات اور جشنِ ولادت کے مواقع پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

تعلیمی امور پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ آغا سید باقر الحسینی نے کہا کہ بلتستان یونیورسٹی ایک بڑا تعلیمی ادارہ ہے جسے مذہبی، لسانی اور سیاسی تعصبات سے بالاتر ہو کر اپنے قوانین کے مطابق چلایا جانا چاہیے۔

انہوں نے وائس چانسلر سے اپیل کی کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے ادارے پر اعتراض یا انگلی اٹھانے کا موقع ملے۔

انہوں نے بار بار اساتذہ کے تبادلوں کو تعلیمی ماحول کے لیے نقصان دہ قرار دیا اور واضح کیا کہ ہم یونیورسٹی سے تعاون کے قائل ہیں، تاہم کسی بھی غیر اخلاقی یا غیر اسلامی سرگرمی کی صورت میں ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔

انجمنِ امامیہ بلتستان کے صدر نے تعلیمی سیمینارز اور علمی سرگرمیوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آڑ میں کسی قسم کی بے راہ روی یا غیر اخلاقی تقریبات قابلِ قبول نہیں۔

علامہ سید باقر الحسینی نے عالمی حالات پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے فلسطین کے نام پر بنائے گئے ’’غزہ امن بورڈ‘‘ کو مسترد کیا اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے اس میں شمولیت کی کھل کر مخالفت کی اور اس میں شمولیت کو مسلمانوں سے غداری قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے دراصل فلسطینی مجاہدین کو غیر مسلح کرنے اور غاصب صہیونی طاقتوں کو فائدہ پہنچانے کی سازش ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ظلم، بمباری، قبضے اور جبر کے ماحول میں امن ممکن نہیں، حقیقی امن کا واحد راستہ فلسطین کی مکمل آزادی ہے۔

علامہ آغا سید باقر الحسینی نے کہا کہ اگر حکومتِ پاکستان نے ایسے کسی امن بورڈ کا ساتھ دیا تو یہ مسلمانوں اور مظلوم فلسطینی عوام سے غداری کے مترادف ہوگا۔

انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ پاکستانی قوم ایسی کسی پالیسی کو قبول نہیں کرے گی جو فلسطینی جدوجہد اور مقاومت کو نقصان پہنچائے اور تاریخ ایسے فیصلوں کا سخت محاسبہ کرتی ہے۔

نائب امام جمعہ سکردو نے گلگت بلتستان کے متوقع الیکشن پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نہ کسی سیاسی جماعت کے مخالف ہیں اور نہ کسی کو ووٹ دینے یا نہ دینے کی تلقین کرتے ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ انتخابات میں شعور، کارکردگی اور عوامی خدمت کو معیار بنائیں اور ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں جو حقیقی معنوں میں عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں، خواہ وہ کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں یا آزاد امیدوار ہوں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha