حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی شیعہ علماء کونسل حیدرآباد تلنگانہ نے ایک مشترکہ بیان میں آج، 6 فروری 2026 کو اسلام آباد کی مسجد خدیجہ الکبریٰؑ و امام بارگاہ میں ہونے والے المناک دہشت گردانہ خودکش حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس حملے میں معصوم اور بے گناہ نمازیوں کی بڑی تعداد، جن کی تعداد 70 سے زائد بتائی جا رہی ہے، شہید جبکہ 169 افراد شدید زخمی ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ واقعہ نہ صرف انسانیت بلکہ اسلام اور دینی اقدار کے بھی سراسر خلاف ہے۔ کونسل نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اس سفاک اور انسانیت سوز حملے میں ملوث تمام عناصر، سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کے خلاف بلا امتیاز فوری اور سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے دہشت گردانہ واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
کونسل نے حکومتِ ہند سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے سفارتی اور بین الاقوامی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے حکومتِ پاکستان پر دباؤ ڈالے تاکہ دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں اور بے گناہ انسانوں کے خون کا حساب لیا جائے۔
بیان کے اختتام پر شہداء کے بلند درجات، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔









آپ کا تبصرہ