جمعہ 6 فروری 2026 - 20:32
امام جمعہ سکردو کی مسجد و امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ اسلام آباد میں دھماکہ کی شدید مذمت

حوزہ/ علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے مسجد و امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰؑ اسلام آباد میں دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ سکردو ، علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے اپنے ایک پیغام میں اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع مسجد و امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰؑ میں ہوئے دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے پیغام کا متن حسبِ ذیل ہے:

بسم اللہّٰ الرحمٰن الرحیم

اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع مسجد و امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰؑ کے قریب دھماکے کی خبر نہایت افسوسناک، دلخراش اور قابلِ مذمت ہے۔

یہ بزدلانہ کارروائی نہ صرف بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش ہے بلکہ ملک میں امن، مذہبی ہم آہنگی اور استحکام کو سبوتاژ کرنے کی بھی ایک گھناؤنی سازش ہے۔

ہم اس دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد کی جانب سے شہر بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنا ایک بروقت اور ذمہ دارانہ قدم ہے جس سے حالات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

ہم حکومتِ پاکستان اور سکیورٹی اور حساس اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اور مستقل اقدامات کیے جائیں۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس واقعے میں متاثر ہونے والوں کو جلد صحت عطا فرمائے، شہداء کے درجات بلند کرے اور ملکِ عزیز پاکستان کو ہر قسم کی دہشت گردی سے محفوظ رکھے۔

آمین ثم آمین

علامہ شیخ محمد حسن جعفری

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha