جمعہ 6 فروری 2026 - 20:08
اسلام آباد محفوظ نہیں رہا، یہ کھلی سیکیورٹی ناکامی اور انتظامیہ کی نااہلی ہے: علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/اسلام آباد ترلائی مسجد دھماکے کی اپوزیشن لیڈر سینیٹ آف پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا انسانیت، دین اور معاشرتی اقدار پر حملہ ہے۔ اسلام آباد محفوظ نہیں رہا، یہ کھلی سکیورٹی ناکامی اور انتظامیہ کی نااہلی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد ترلائی مسجد دھماکے کی اپوزیشن لیڈر سینیٹ آف پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا انسانیت، دین اور معاشرتی اقدار پر حملہ ہے۔ اسلام آباد محفوظ نہیں رہا، یہ کھلی سکیورٹی ناکامی اور انتظامیہ کی نااہلی ہے۔

قائد حزب اختلاف سینیٹ و سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں مسجد کے اندر ہونے والے دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وحشیانہ اور بزدلانہ حملہ نہ صرف بے گناہ نمازیوں، بلکہ انسانیت، دین اسلام اور معاشرتی اقدار پر براہِ راست حملہ ہے۔ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے والے گمراہ عناصر ہیں جن کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، یہ دہشتگرد امریکہ اور اسرائیل کے آلہ کار بن کر پاکستان میں خونریزی پھیلا رہے ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد جیسے حساس اور دارالحکومت کے شہر میں، جہاں جگہ جگہ چیک پوسٹیں اور ہزاروں کیمرے نصب ہیں، دہشتگردوں کا دندناتے پھرنا سکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ساری توجہ عوام کی آواز کو دبانے پر مرکوز ہے، جبکہ ملک کی معیشت اور سکیورٹی دونوں بدترین حالت میں ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ زخمی نمازیوں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور واقعے میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔انہوں نے ساتھ ہی اسلام آباد کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ زخمیوں کے لیے خون عطیہ کر کے قیمتی انسانی جانیں بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

آخر میں انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha