حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف جلد ہی ممتاز اسلامی مفکرین، محققین اور علما کی میزبانی کے لیے تیار ہو رہا ہے، جہاں حوزۂ علمیہ نجف کے قیام کو ایک ہزار برس مکمل ہونے کی مناسبت سے پہلی علمی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر “اسلامی اور مغربی فکر میں شیخ طوسی کا علمی ورثہ؛ معاصر تناظر میں جائزہ” کے عنوان سے دو روزہ کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس کی میزبانی روضۂ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کرے گا۔
یہ علمی کانفرنس “حوزۂ علمیہ نجف اشرف… ایک ہزار سالہ قربانی اور خدمت” کے شعار کے تحت 11 اور 12 فروری 2026 کو نجف اشرف میں منعقد ہوگی، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے نامور اساتذہ اور محققین شرکت کریں گے۔
منتظمین کے مطابق، یہ کانفرنس حوزۂ علمیہ نجف کے عظیم علمی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے ترتیب دی گئی وسیع سرگرمیوں کا حصہ ہے۔ اس کا بنیادی مقصد عظیم عالم دین شیخ طوسی کے تاریخی اور تمدنی کردار کا ازسرِنو جائزہ لینا اور اسلامی و مغربی دنیا میں ان کی علمی خدمات کے اثرات کو واضح کرنا ہے۔
کانفرنس کے دوران ماہرین فقہ، اصول، علمِ کلام اور تقابلی مطالعات کے شعبوں میں شیخ طوسی کی خدمات پر تحقیقی مقالات پیش کریں گے اور ان کے افکار کے موجودہ دور پر اثرات پر تفصیلی گفتگو کریں گے۔
منتظمین نے مزید بتایا کہ یہ کانفرنس حوزۂ علمیہ نجف کی تاسیس کے ایک ہزار سال مکمل ہونے کی مناسبت سے آئندہ برسوں میں منعقد ہونے والی علمی و ثقافتی سرگرمیوں کا نقطۂ آغاز ہے، جس کے ذریعے اس تاریخی علمی مرکز کی خدمات کو عالمی سطح پر مزید متعارف کرایا جائے گا۔










آپ کا تبصرہ