حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسپین میں ہونے والی ایک یونیورسٹی کی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ نوجوان مسلم خواتین اس ملک میں اسلام کے تعارف اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں، حالانکہ اسپینی معاشرہ مختلف مذہبی و فکری رجحانات کا حامل ہے۔
یہ مطالعہ ایک باہمی تعاون کے معاہدے کے تحت انجام پایا، جو Universidad Autónoma de Madrid (خودمختار یونیورسٹی آف مدرید) اور Fundación Pluralismo y Convivencia (فاؤنڈیشن پلورالیزم و بقائے باہمی) کے درمیان طے پایا تھا۔ یہ تحقیق "Ciudadanía, Juventud e Islam" (شہریت، نوجوان اور اسلام) کے عنوان سے شائع کی گئی ہے۔
رپورٹ میں اسپین کے سماجی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مذہبی تنوع، مختلف عقائد اور عملی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تحقیق کو وسعت دینے کے لیے سماجی، ثقافتی اور اقتصادی پہلوؤں کو بھی شامل کیا گیا تاکہ مسلم نوجوانوں، خصوصاً خواتین، کے کردار کو جامع انداز میں سمجھا جا سکے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق نوجوان مسلم خواتین نہ صرف اسلام کے تعارف میں پیش پیش ہیں بلکہ وہ معاشرے کو درپیش چیلنجز کو بھی بہتر انداز میں سمجھتی ہیں۔ یہ خواتین اپنی سماجی سرگرمیوں، مکالمے اور مثبت جدوجہد کے ذریعے اسپینی معاشرے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ طبقہ تعمیری انداز میں اسلام کی نمائندگی کر رہا ہے اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں سرگرم ہے۔
اس حوالے سے اسپین میں سرگرم نوجوان مسلم تنظیموں کا کردار بھی نمایاں قرار دیا گیا ہے۔ بالخصوص نوجوان مسلمانوں کی انجمنیں مختلف سماجی و ثقافتی پروگراموں کے ذریعے اسلام کے بارے میں پائے جانے والے شبہات کو دور کرنے اور باہمی احترام کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔
مطالعے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ موجودہ اسپین میں مسلم نوجوان، خاص طور پر خواتین، اسلامی ثقافت کے تعارف اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں سب سے زیادہ مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ طبقہ مذہبی کثرتیت اور بقائے باہمی کے نظریے کا حامی ہے اور ایک ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتا ہے جہاں مختلف عقائد کے لوگ باہمی احترام کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔
ماہرین کے مطابق اس تحقیق کے نتائج اسپین میں اسلام اور مسلمانوں کے حوالے سے جاری مباحث کو نئی جہت فراہم کر سکتے ہیں اور یہ واضح کرتے ہیں کہ مسلم خواتین سماجی میدان میں فعال اور اثر انگیز کردار ادا کر رہی ہیں۔









آپ کا تبصرہ