جمعہ 20 فروری 2026 - 15:40
تنزانیہ میں عظیم قرآنی محفل کا اہتمام، ماہِ رمضان کے استقبال کی روح پرور تقریب

حوزہ/ مشرقی افریقی ملک تنزانیہ میں ماہِ مبارک رمضان کے استقبال کے لیے ایک شاندار اور روح پرور محفلِ قرآن کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں علما، سماجی شخصیات اور مؤمنین نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مشرقی افریقی ملک تنزانیہ میں ماہِ مبارک رمضان کے استقبال کے لیے ایک شاندار اور روح پرور محفلِ قرآن کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں علما، سماجی شخصیات اور مؤمنین نے شرکت کی۔

یہ باوقار محفل دارالسلام کے علاقے کیگوگو پوسٹ میں قائم حوزہ امام صادقؑ کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔ تقریب کا عنوان تھا: ’’قرآن ہمیں جوڑتا ہے‘‘، جو اتحاد، ہم آہنگی اور کتابِ خدا کی طرف اجتماعی رجوع کا بھرپور پیغام تھا۔

محفل کا بنیادی مقصد مؤمنین کے دلوں کو ماہِ رمضان کی آمد سے قبل عبادت، توبہ اور تقربِ الٰہی کے جذبے سے تازہ کرنا تھا۔ ممتاز قرّاء کرام نے مختلف مقامات میں دلنشین انداز سے تلاوتِ کلامِ پاک پیش کی، جس سے محفل میں روحانی کیفیت، سکون اور خشوع کی فضا قائم ہو گئی۔ شرکاء نے آیاتِ الٰہی میں تدبر کرتے ہوئے اپنے ایمان کی تجدید کا عزم کیا۔

تقریب میں متعدد دینی و سماجی رہنما بھی شریک ہوئے۔ جمعیتِ شیعیان تنزانیہ (TIC) کے شیخ ارشد، شیخ حمیدی جلالہ نے میزبان کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم اخلاق کی تعمیر اور سماجی اتحاد کے فروغ کا بنیادی سرچشمہ ہے۔

محفل کے خصوصی مہمان شیخ علی نگرکو تھے، جو تنزانیہ کے مین لینڈ میں نائب قاضی القضات اور باکواتا (BAKWATA) کے علماء کونسل کے رکن ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں خصوصاً ماہِ رمضان کے دوران قرآن کریم سے تعلق مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

شرکاء نے اس روحانی اجتماع کو نہایت بابرکت قرار دیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ قرآن کریم محض تلاوت کی کتاب نہیں بلکہ ایک جامع ضابطۂ حیات ہے، جو اہلِ ایمان کو اخلاق، تقویٰ اور اخوت کے پرچم تلے متحد کرتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha