حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین النجفی کے فرزند اور مرکزی دفتر کے مدیر حجۃ الإسلام الشیخ علی النجفی نے عراق کے صوبہ الدیوانیہ کے شہر الشنافیہ میں مرحوم سید عزیز أبو غنیمہ کے مضیف میں منعقدہ ایک پُر شکوہ مجلسِ عزاء میں شرکت فرمائی۔ اس مجلس کا اہتمام "ہیئة الحمزة" کی جانب سے کیا گیا تھا۔
یہ شرکت مؤمنین سے مسلسل رابطے اور ایامِ عزا کے موقع پر شعائر حسینی سے ہم آہنگی کا ایک مظہر قرار دی جا رہی ہے۔ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے الشیخ علی النجفی نے امام حسین علیہ السلام کے عظیم مشن کو امت کی بیداری اور اصلاح کا سر چشمہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اہلِ بیت علیہم السلام کے راستے سے جڑے رہنا چاہیے اور امام حسین علیہ السلام کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اصلاحِ امت، اصولوں پر ثابت قدمی اور حق و عدل کے قیام کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔
انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ شعائر حسینی صرف عزاداری تک محدود نہیں، بلکہ یہ معاشرے میں دینی، اخلاقی اور سماجی اصولوں کے فروغ کا ایک عملی ذریعہ بھی ہیں۔

مجلس کے شرکاء نے شیخ علی النجفی کی شرکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا اور ان کا پرتپاک خیر مقدم کرتے ہوئے مرجعیت کے اس کردار کو سراہا جو وہ شعائرِ حسینی کے تحفظ اور اسلامی اقدار کی ترویج کے میدان میں ادا کر رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ نجف اشرف میں موجود حضرت آیت اللہ العظمیٰ بشیر حسین النجفی کا مرکزی دفتر عراق سمیت مختلف علاقوں میں منعقدہ دینی، اجتماعی اور تبلیغی پروگراموں میں فعال شرکت کے ذریعے مؤمنین کے ساتھ رابطے کو مضبوطی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔









آپ کا تبصرہ