جمعرات 26 فروری 2026 - 13:57
برازیل 100 ممالک کے عالمی اتحاد میں شامل، صہیونی بستیوں کی توسیع کی مذمت

حوزہ/ پرنسا لاٹینا کے حوالے سے وزارت خارجہ برازیل نے اعلان کیا ہے کہ برازیل تقریباً 100 ممالک اور بین الاقوامی اداروں پر مشتمل اس عالمی اتحاد میں شامل ہوگیا ہے جس کا مقصد مقبوضہ مغربی کنارے میں صہیونی بستیوں کی توسیع کی مذمت اور فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پرنسا لاٹینا کے حوالے سے وزارت خارجہ برازیل نے اعلان کیا ہے کہ برازیل تقریباً 100 ممالک اور بین الاقوامی اداروں پر مشتمل اس عالمی اتحاد میں شامل ہوگیا ہے جس کا مقصد مقبوضہ مغربی کنارے میں صہیونی بستیوں کی توسیع کی مذمت اور فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت ہے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور ذمہ داریوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور انہیں فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔ اتحاد میں شامل ممالک نے 1967 کے بعد سے مقبوضہ فلسطینی سرزمین، بشمول مشرقی بیت المقدس، کی آبادیاتی ساخت، جغرافیائی حیثیت اور قانونی پوزیشن میں کسی بھی تبدیلی کو مسترد کیا ہے اور کسی بھی قسم کے الحاق کی سخت مخالفت کی ہے۔

بیان میں “نیویارک اعلامیہ” سے وابستگی، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور جولائی 2024 میں بین الاقوامی عدالت انصاف کی مشاورتی رائے کی روشنی میں عملی اقدامات پر زور دیا گیا۔

اتحاد نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتے ہوئے دو ریاستی حل کو منصفانہ اور پائیدار امن کا واحد راستہ قرار دیا، جس کے تحت 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ممکن ہو سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha