حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے اندر بڑھتے ہوئے اختلاف، غاصب صیہونی حکومت کی کمزوری کی علامت ہے۔
رپورٹ کے مطابق، لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے جمعے کی شام اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی جس میں تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور مقبوضہ فلسطین سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ دشمنوں کے دباؤ کے باوجود آج مزاحمت لبنان اور فلسطین دونوں ممالک میں اپنی بہترین اور مضبوط ترین پوزیشن میں ہے جب کہ صیہونی حکومت حالیہ برسوں میں اپنی بدترین اور کمزور ترین پوزیشن میں ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے قیام کے سلسلے میں رہبر معظم، حکومت اور عوام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رونما ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر میں کہہ سکتا ہوں کہ خطے کے عوام کا روشن اور کامیاب مستقبل منتظر ہے۔
حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے بیت المقدس میں مقامات مقدسہ کی حمایت میں عالمی اتحاد اور یکجہتی کو حالیہ پیش رفت اور مزاحمتی گروہوں اور فلسطینی عوام کی بہادرانہ مزاحمت کا حصہ قرار دیا۔
انہوں نے تہران اور ریاض کے درمیان معاہدے کی طرف اشارہ کرتے ہوئےکہا کہ اس معاہدے سے خطے پر مثبت اثرات دیکھنے کو ملیں گے، اس ملاقات میں بعض دیگر اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔