پیر 5 اکتوبر 2026 - 14:21
مسجد الاقصیٰ میں اسرائیلی آبادکاروں کے اشتعال انگیز اقدام پر مصر برہم

حوزہ/ مصر نے بیت المقدس میں مسجد الاقصیٰ کے صحن میں سینکڑوں صہیونی آبادکاروں کے داخل ہونے کی مذمت کرتے ہوئے اس مقدس مقام کی تاریخی و قانونی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کے نتائج سے خبردار کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مصر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی آبادکاروں نے مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں اشتعال انگیز اقدامات کرتے ہوئے صہیونی مذہبی رسومات ادا کیں۔ قاہرہ نے ایسے اقدامات کے تسلسل اور ان میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مصر کی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے اور بعض ایسے بیانات بھی سامنے آئے ہیں جنہیں قاہرہ مسترد کر چکا ہے۔

بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات مسجد الاقصیٰ میں موجود تاریخی و قانونی انتظامات کو تبدیل کرنے اور وہاں نئی صورتِ حال مسلط کرنے کی کوشش کا باعث بن سکتے ہیں۔

مصر نے مسجد الاقصیٰ سمیت بیت المقدس کے تمام مقدس مقامات کی تاریخی و قانونی حیثیت برقرار رکھنے اور مسجد الاقصیٰ کے مذہبی مقام و حیثیت کے تحفظ پر زور دیا۔

وزارت خارجہ نے مزید خبردار کیا کہ ایسے واقعات کا بار بار پیش آنا کشیدگی میں شدید اضافے کا سبب بن سکتا ہے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں سمیت پورے خطے کی سلامتی و استحکام کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha