حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع علماء و واعظین پوروانچل، ہندوستان کی جانب سے جدید رہبر معظم آیۃ اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کی حمایت میں ایک بیان جاری کیا گیا ہے جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛
الْیَوْمَ یَئِسَ الَّذِیْنَ کَفَرُواْ مِن دِیْنِکُمْ فَلاَ تَخْشَوْہُمْ وَاخْشَوْنِ (سورہ مائدہ ) ’’آج کافروں کو تمہارے دین کی طرف سے پوری مایوسی ہوچکی ہے لہذا تم ان سے نہ ڈرو بلکہ مجھ سے ڈرو ‘‘۔
نام نہاد سپر پاور امریکہ اور غاصب و ظالم اسرائیل اور اس کی اندھی تقلید کرنے والے اتحادیوں نے ایران میں موجودہ اسلامی انقلابی حکومت کو گرانے اور اپنی منشاءومرضی کی کٹھ پتلی حکومت تشکیل دینے کے لئے سینتالیس سال سے ایڑی چو ٹی کی کوششیں کررہے ہیں مگر ہر محاذ پر بری طرح شکست اور ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ مگر اس سال ۲۸؍فروری کو امریکہ و اسرائیل نے مل کر ایران پر اتنا زبردست دہشتگردانہ ہوائی حملہ کیا کہ رہنمائے ولایت و مرجعیت ،مدافع دین و شریعت،زعیم ملک و ملّت ِ جمہوری اسلامی ایران، مرجع تقلید عالی قدر شیعیان جہان،ولی امر مسلمین،امید مستضعفین رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای رضوان اللہ تعالیٰ علیہ ،ان کی زوجہ ٔ محترمہ منصورہ خجستہ باقرزادہ ، انکی بیٹی ، پوتی ،نواسی، بیٹا،داماد، خانوادہ کے دیگر شہداء ،ایران کے شہر’’ میناب ‘‘میں لڑکیوں کے سرکاری پرائمری ا سکول میں چھ سے بارہ سال کی عمر تک کی 180سے زیادہ کمسن اسکولی بچیوں کی دردناک و المناک شہادت واقع ہوگئی۔ اور یہ تحریر لکھے جانے تک ایران پر امریکہ و اسرائیل کی جارحانہ جنگ جاری ہے۔اور ایران برابر میدان جنگ میں اپنی بہترین عسکری منصوبہ بندی اور فوجی حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمنوں پرغلبہ و برتری بنائے ہوئے ہے۔
ایران کی پے در پے کامیابیوں کے بیچ سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ گھمسان کی جاری جنگ کے دوران ایران نے شہید رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے جانشین کے طور پر ان کے فرزند آیۃ اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای حفظہ اللہ کا باقاعدہ منتخب ہونے کا اعلان کردیا۔جس کا ایرانی عوام نے لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر کھل کے شاندار و پرجوش استقبال اور مظاہرہ کیا۔
رہبر معظم آیۃ اللہ مجتبیٰ حسینی خامنہ ای حفظہ اللہ کے بحیثیت رہبر معظم و ولی فقیہ منتخب ہونے سے کفروشرک و نفاق کی دنیا میں زبردست مایوسی کی لہر دوڑ گئی بلا تشبیہ جیسے میدان غدیر میں اعلان ولایت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے بعد کافروں اور منافقوں میں مایوسی چھاگئی تھی جس کا ذکر قرآن مجید میں یوں کیا گیا گیا ہے:الیوم یئس الذین کفروا من دینکم فلا تخشوھم واخشون،الیوم اکملت لکم دینکم واتممت علیکم نعمتی ورضیت لکم السلام دینا (سورۃ المائدۃ آیت 03)ترجمہ:۔ (مسلمانوں) اب کفار تمھارے دین سے پھر جانے سے مایوس ہوگئےاور تم ان سے ڈرو ہی نہیں بلکہ صرف مجھی سے ڈرو،آج میں نے تمھارے دین کو کامل کردیا اور تم پر اپنی نعمت پوری کردی۔ اور تمھارے (اس) دین اسلام کو پسند کیا‘‘۔
ایک طرف ایران کے اندر اور باہر تبدیلی نظام اسلامی کی تاک میں بیٹھے ہوئے ،خام خیالی کے خواب دیکھنے والے غداروں کے منہ پر بھی زوردار طمانچہ لگا ہے۔ تو دوسری طرف ایران کے ساتھ تمام عالم اسلام و ایمان میں ماہ مبارک رمضان میں عید سے قبل عید سےبڑی روحانی خوشی محسوس کی گئی۔
مجمع علماءوواعظین پوروانچل ہندوستان کی جانب سے ہم اس تاریخی دن کے موقع پر نو منتخب رہبر معظم آیۃ اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای دام ظلہ العالی ،ارکان مجلس خبرگان،ایرانی عوام اور حکومت ،بالخصوص حضرت ولی عصر امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت میں ہدیہ تہنیت اور مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے رہبر معظم کی صحت و سلامتی اور امام زما نہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور پر نور کی دعا ءکرتے ہیں۔’’گر قبول افتد زہے عزوشرف‘‘۔
نیک خواہشات کے ساتھ؛
(حجۃ الاسلام مولانا) ابن حسن املوی
سربراہ مجمع علماءوواعظین پوروانچل









آپ کا تبصرہ