حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ممبئی کے علاقے اندھیری میں واقع بہشتِ زینبؑ کپاس واڑی میں ماہِ مبارک رمضان کے دوران قرآنی دروس، تلاوتِ قرآن، مجالس اور دینی محافل کا نہایت منظم اور روحانی سلسلہ جاری رہا، جس میں بڑی تعداد میں مومنین و مومنات، بالخصوص بچوں اور بچیوں نے بھرپور شرکت کی۔
پورے مہینے کے دوران روزانہ کثیر تعداد میں افراد نے قرآنِ مجید کی تلاوت اور دیگر دینی اعمال میں حصہ لے کر اپنے روحانی ذوق کا اظہار کیا، جبکہ منتظمین کی جانب سے قرآنی ماحول کو فروغ دینے کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے۔
عید الفطر کے بعد اسی سلسلے کی تکمیل کے طور پر ایک پروقار جشنِ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماہِ رمضان کے دوران قرآنی سرگرمیوں میں شریک قراء اور دیگر شرکاء کی حوصلہ افزائی کے لیے نفیس انعامات پیش کیے گئے۔
تقریب میں علماء کرام اور قراء حضرات نے شرکت کرتے ہوئے قرآنِ کریم کی تعلیمات، اس کی اہمیت اور معاشرے میں اس کے عملی نفاذ پر روشنی ڈالی اور نئی نسل کو قرآن سے وابستہ رہنے کی تاکید کی۔
ماہِ مبارک میں خدمات انجام دینے والے حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا ذیشان حیدر زیدی، قاریٔ قرآن حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید یونس حیدر رضوی ماہُلی، مولانا وقار اور مولانا ماہر نقوی کے دستِ مبارک سے قراء حضرات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
زینبیہ ٹرسٹ کے مینیجر جناب جاوید رضوی نے تمام شرکاء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
انجمن اربابِ حسینی اندھیری کے کنوینر جناب کامران علی عابس کانپوری نے اختتام پر تمام حاضرین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور جناب جاوید رضوی سمیت علمائے کرام کو ان کی خدمات کے اعتراف میں تحائف پیش کیے۔
تقریب کے اختتام پر دعائے سلامتیٔ امامِ زمان (عج) اور زیارت کی تلاوت کے ساتھ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا، جبکہ شرکاء نے خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو نہایت مؤثر اور حوصلہ افزا قرار دیا۔










آپ کا تبصرہ