پیر 30 مارچ 2026 - 13:34
جنگ میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں، مگر آخری فتح مجاہدینِ راہ خدا ہی کے حق میں ہوتی ہے: آیت اللہ العظمیٰ جوادی آملی

حوزہ/ آیت اللہ العظمیٰ عبداللہ جوادی آملی نے کہا ہے کہ جنگ ہمیشہ یکساں نہیں رہتی، اس میں شکست و فتح کے مراحل آتے رہتے ہیں، لیکن اگر مجاہدین اخلاص، صبر اور استقامت کے ساتھ میدان میں ڈٹے رہیں تو فیصلہ مجاہدین خدا ہی کے حق میں ہوتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ عبداللہ جوادی آملی نے جنگی حالات اور اہلِ ایمان کی آزمائش پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ میں ہمیشہ نشیب و فراز آتے ہیں۔ کبھی اہلِ ایمان کو غلبہ حاصل ہوتا ہے اور کبھی بظاہر دشمن کو کامیابی ملتی دکھائی دیتی ہے، لیکن حتمی اور حقیقی نتیجہ ہمیشہ راہِ خدا میں جہاد کرنے والوں کے حق میں ہوتا ہے۔

انہوں نے سورۂ آل عمران کی آیت "اِن یَمسَسکُم قَرحٌ فَقَد مَسَّ القَومَ قَرحٌ مِثلُه" کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ جنگ میں نقصان، زخم اور مصیبت صرف ایک فریق تک محدود نہیں رہتے بلکہ دونوں جانب تکلیف پہنچتی ہے۔ تاہم فرق یہ ہے کہ مومنین ان سختیوں کے باوجود اللہ کی نصرت، امید اور رحمت سے وابستہ رہتے ہیں، جب کہ کفار اس روحانی سہارے سے محروم ہوتے ہیں۔

آیت اللہ جوادی آملی نے سورۂ نساء کی آیت "فَاِنَّهُم یَألَمونَ کَما تَألَمونَ وتَرجونَ مِنَ اللهِ ما لایَرجون" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اہلِ ایمان اور دشمن دونوں تکلیف اٹھاتے ہیں، لیکن مومن اللہ سے اُس اجر، نصرت اور رحمت کے امیدوار ہوتے ہیں جس کی امید دشمن کو نہیں ہوتی۔

انہوں نے مجاہدین کے اخلاص اور ثابت قدمی کو کامیابی کی اصل بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو شخص راہِ خدا میں جدوجہد کا دعویٰ کرتا ہے، ضروری نہیں کہ وہ ہر مرحلے میں ظاہری معجزانہ فتح ہی دیکھے۔ بعض اوقات اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو وقتی شکست، سخت آزمائش اور دشوار حالات سے گزار کر ان کے ایمان، صبر اور باطنی جوہر کو آشکار کرتا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے ایک ارشاد کا حوالہ بھی دیا، جس میں آپؑ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ جنگی میدانوں کی سختیوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ہم نے حق کی خاطر اپنے قریبی رشتہ داروں تک کا سامنا کیا، مگر اس کا نتیجہ ایمان میں اضافہ، قدموں میں استحکام، مصائب پر صبر اور دشمن کے مقابلے میں مزید پختگی کی صورت میں ظاہر ہوا۔

آیت اللہ جوادی آملی نے زور دے کر کہا کہ جب اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے صدق، اخلاص اور استقامت کو دیکھتا ہے تو آخرکار دشمن کو ذلیل کرتا ہے اور کامیابی کا پرچم اہلِ حق کے ہاتھ میں دے دیتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha