حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ عبداللہ جوادی آملی نے عوامی استقامت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں نے اپنی بے مثال حاضری اور ایثار کے ذریعے اس سرزمین کو عزت و وقار بخشا ہے، اور آنے والی نسلیں اس دور پر فخر کریں گی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ تاریخ میں کم ہی ایسے مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں جب مرد و خواتین، بزرگ و بچے سب ایک ساتھ میدان میں حاضر ہوں اور سپاہ اسلام کی مدد کریں۔ ان کے مطابق ایسے لوگ درحقیقت “زمین کے فرشتے” ہیں، جنہوں نے اپنی قربانیوں سے معاشرے کو نئی زندگی دی۔
آیت اللہ جوادی آملی نے اس عوامی بیداری کو دینی تربیت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں قرآن کریم اور واقعہ کربلا نے تربیت دی ہے، اور امام حسین علیہ السلام کی سیرت نے انہیں حق و باطل کی پہچان سکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہی لوگوں نے اس سرزمین کو شرف عطا کیا اور ماضی کی مردہ فضا کو زندہ کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ نسلیں اس بات پر فخر کریں گی کہ وہ ایسے دور میں زندہ تھیں جب عوام نے ہر طرح کے خطرات کے باوجود میدان میں آ کر حق کا ساتھ دیا۔ ان کے بقول، یہ ایک ایسا تاریخی لمحہ ہے جس میں عوام نے اپنی عزت، خاندان اور جان کی پروا کیے بغیر حق کی حمایت کی۔
آخر میں انہوں نے ان تمام افراد، خصوصاً بچوں، نوجوانوں، والدین اور خاندانوں کے لیے دعا کی کہ خداوند متعال انہیں دنیا و آخرت میں عزت، کامیابی اور بلند درجات عطا فرمائے، اور ان کی قربانیوں کو قبول کرے۔









آپ کا تبصرہ