جمعرات 26 دسمبر 2024 - 16:54
اسلام کسی انسان کی تحقیر نہیں کرتا / دنیا عدل، عقل اور اصلاح سے چلتی ہے، نہ کہ ظلم اور اسلحہ سے

حوزہ/ انہوں نے حجۃالاسلام مولانا سید علی رضا رضوی سے ملاقات کے دوران کہا: اگر انسان اپنی ابدی حقیقت کو سمجھ لے، تو وہ ایسے اعمال انجام دے گا جو ہمیشہ کے لیے فائدہ مند ہوں، دنیا کی اصلاح قتل و غارت کے ذریعے نہیں بلکہ تعلیم و تربیت کے ذریعے ممکن ہے، عدل، عقل اور اصلاح ہی دنیا کے نظام کو چلا سکتے ہیں، ظلم، وہم اور اسلحہ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت آیت اللہ العظمی جوادی آملی نے یورپی ممالک میں تبلیغی سرگرمیاں انجام دینے والے معروف خطیب حجۃ الاسلام والمسلمین سید علی رضا رضوی سے ملاقات کے دوران کہا کہ اسلام تمام انسانوں کو بھائی سمجھتا ہے اور کسی کو بھی تحقیر کا نشانہ نہیں بناتا، چاہے مغربی طاقتیں قتل و غارت اور خونریزی کو فروغ دینے کی کوشش کریں۔

انہوں نے تبلیغ دین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غیر اسلامی ممالک میں طلاب اور علماء کی ذمہ داری وہی ہے جو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ابتدائی دعوت کے وقت تھی۔ جس طرح مکہ میں اسلام بتدریج نمایاں ہوا، اسی طرح دیگر ممالک میں قرآنی معارف اور اسلامی حکمت سے کام لے کر یہ فریضہ انجام دینا چاہیے۔

حضرت آیت اللہ جوادی آملی نے کہا: دین کے اصول اور قرآن کریم کی محکم تعلیمات کو تبلیغی سرگرمیوں کا محور ہونا چاہیے، انسان کو یہ سمجھنا ہوگا کہ وہ ایک ابدی مخلوق ہے اور اس کے اعمال کبھی ضائع نہیں ہوتے۔ اگر مغربی معاشرہ یہ حقیقت جان لے کہ انسان موت کے بعد ختم نہیں ہوتا، تو وہ نہ خود غلط راستے پر چلے گا اور نہ دوسروں کا راستہ روکے گا۔

انہوں نے مزید کہا: اگر انسان اپنی ابدی حقیقت کو سمجھ لے، تو وہ ایسے اعمال انجام دے گا جو ہمیشہ کے لیے فائدہ مند ہوں، دنیا کی اصلاح قتل و غارت کے ذریعے نہیں بلکہ تعلیم و تربیت کے ذریعے ممکن ہے۔ عدل، عقل اور اصلاح ہی دنیا کے نظام کو چلا سکتے ہیں، ظلم، وہم اور اسلحہ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

انہوں نے طلاب کو تاکید کی کہ وہ مغربی معاشروں میں موجود تعلیمی اداروں اور علمی مراکز کے ساتھ رابطہ قائم کریں اور قرآن و نہج البلاغہ کے معارف کو فکری ضروریات کے حل کے لیے متعارف کروائیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha