منگل 14 اپریل 2026 - 11:14
حزب‌ اللہ کی حمایت امتِ مسلمہ کی ذمہ داری، شیعہ مخالف اقدامات فوراً بند کیے جائیں: آیت‌الله نوری ہمدانی

حوزہ/ مرجع تقلید آیت‌ اللہ العظمیٰ حسین نوری ہمدانی نے خطے کی موجودہ صورتحال پر دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے حزب‌ اللہ لبنان سمیت مزاحمتی قوتوں کی حمایت کو امتِ مسلمہ کی ذمہ داری قرار دیا ہے اور علاقائی حکمرانوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ استکباری و صہیونی دباؤ میں آکر شیعہ مسلمانوں کے خلاف جاری سختیوں، گرفتاریوں اور ظلم کا سلسلہ فوری طور پر بند کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت‌ اللہ نوری ہمدانی نے اپنے ایک تفصیلی پیغام میں حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے موجودہ حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب صہیونی دشمن اور امریکہ نے اسلامی جمہوریہ ایران پر حملہ کیا، تو دوسری جانب لبنان کے مظلوم عوام کو بھی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے۔

انہوں نے تمام آزاد انسانوں سے اپیل کی کہ وہ ان مظالم کی شدید مذمت کریں اور مزاحمتی محاذ، بالخصوص حزب‌الله لبنان کی حمایت کریں۔ انہوں نے لبنان کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں، پوری امت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

مرجع تقلید نے خطے کے بعض اسلامی ممالک میں شیعہ مسلمانوں کے خلاف جاری سختیوں پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ ایسی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ مختلف ممالک میں شیعہ افراد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ان ممالک کے حکمرانوں کو نصیحت کی کہ وہ استکبار اور صہیونیت کی پیروی ترک کریں، اپنی قوم کی عزت و وقار کا خیال رکھیں اور بلاجواز گرفتاریوں اور دباؤ کا سلسلہ ختم کریں۔

انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں “امتِ واحدہ” کے تصور کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔

پیغام کے اختتام پر آیت‌الله نوری ہمدانی نے قرآن کریم کی آیت “إِن تَنصُرُوا اللَّهَ یَنصُرْکُمْ وَیُثَبِّتْ أَقْدَامَکُمْ” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر تم اللہ کی مدد کرو گے تو وہ تمہاری مدد کرے گا اور تمہیں ثابت قدم رکھے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha