بدھ 15 اپریل 2026 - 12:11
آیت اللہ العظمیٰ نوری ہمدانی کا پاپ لیون چہاردہم کے جرات مندانہ مؤقف پر اظہارِ تشکر

حوزہ/ آیت اللہ العظمیٰ نوری ہمدانی نے ایک اہم خط میں پاپ لیون چہاردہم کے امریکہ اور صہیونیت کے خلاف واضح مؤقف کو سراہتے ہوئے اسے تاریخ ساز اقدام قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ حسین نوری ہمدانی نے عالمی کیتھولک رہنما پاپ لیون چہاردہم کے نام ایک اہم خط ارسال کیا ہے، جس میں انہوں نے امریکہ کی بالادستی اور صہیونی ظلم کے خلاف پاپ کے جرات مندانہ مؤقف پر شکریہ ادا کیا۔

اپنے خط میں انہوں نے لکھا کہ خداوندِ عادل و آگاہ ان تمام باہمت، صالح اور مصلح آوازوں کو سلامت رکھے جو دنیا کے مظلوموں، خصوصاً ایران، لبنان اور فلسطین کے عوام کے حق میں ظلم و ستم کے خلاف کھڑی ہیں۔

آیت اللہ نوری ہمدانی نے پاپ کے حالیہ بیان کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی استکباری پالیسیوں اور فاسد صہیونیت کے مقابل آپ کا مؤقف ایک ضروری اور تاریخی قدم ہے، جو آپ کے نام اور کردار کو عالمی سطح پر ہمیشہ کے لیے ثبت کر دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مؤقف اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ ادیان الہیہ میں ہمیشہ ایسے بافہم علماء موجود رہے ہیں جو انسانیت اور انسانی حقوق کے دفاع کے لیے کھڑے ہوتے ہیں، چاہے اس کی قیمت انہیں کتنی ہی بھاری کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔

خط میں آیت اللہ نوری ہمدانی نے پاپ کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کا امین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا بیان اسلام کی بنیادی دینی تعلیمات سے بھی ہم آہنگ ہے، جہاں ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے اور مظلوم کی حمایت پر زور دیا گیا ہے۔

آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ انبیائے الٰہی کی تعلیمات کی بنیاد پر دنیا کے ادیان کے پیروکاروں کے درمیان ایک عالمی اتحاد قائم ہوگا، جو حقیقی اصلاح اور نجات کے راستے کو ہموار کرے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha