حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم نے اپنے ایک اہم بیان میں امریکہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھوکہ دہی اور فریب اس کی سرشت کا حصہ ہے، لہٰذا ایران کی مذاکراتی ٹیم دشمن کی زیادتیوں کے سامنے پوری قوت اور استقامت کے ساتھ ڈٹی رہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ پچاس دنوں سے امریکہ اور صہیونی اتحاد کی جانب سے ایران کے خلاف جارحیت جاری ہے، تاہم ایرانی قوم، قیادت اور مسلح افواج کی استقامت نے دشمن کو کمزور اور بے بس کر دیا ہے۔
بیان میں ایرانی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ قوم نے میدان عمل میں ثابت قدمی دکھاتے ہوئے اتحاد و یکجہتی کی مثال قائم کی ہے۔ جامعہ مدرسین نے اس بات پر زور دیا کہ میدان جنگ، عوام اور سفارتکاری کے درمیان مضبوط تعلق اس وقت اپنی بہترین حالت میں ہے اور اسے ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہیے۔
ادارے نے مذاکراتی ٹیم کو ہدایت دی کہ وہ عوامی حمایت کے ساتھ ملک کے حقوق کے تحفظ کے لیے مضبوط اور باوقار انداز میں آگے بڑھے اور دشمن کے دباؤ یا دھمکیوں کے سامنے کسی قسم کی کمزوری نہ دکھائے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکہ کی تاریخ دھوکہ دہی سے بھری ہوئی ہے، اس لیے سفارتی میدان میں مکمل ہوشیاری اور بصیرت کے ساتھ کام کرنا ناگزیر ہے۔ ساتھ ہی اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ قومی اتحاد اور یکجہتی کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
آخر میں جامعہ مدرسین نے امید ظاہر کی کہ ایرانی قوم الٰہی مدد اور رہبر معظم کی رہنمائی میں جلد ایک بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔









آپ کا تبصرہ