جمعرات 20 مارچ 2025 - 06:00
یمنی مجاہدین امریکہ کی بربریت کا منہ توڑ جواب دیں گے: جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم

حوزہ/ جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم نے امریکہ کی جانب سے یمن پر کیے گئے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی عوام اپنی بصیرت، صبر اور شجاعت کے ساتھ ان مظالم کا منہ توڑ جواب دیں گے اور اس معرکے کا انجام امریکہ کی رسوائی اور شکست پر ہوگا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم نے امریکہ کی جانب سے یمن پر کیے گئے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی عوام اپنی بصیرت، صبر اور شجاعت کے ساتھ ان مظالم کا منہ توڑ جواب دیں گے اور اس معرکے کا انجام امریکہ کی رسوائی اور شکست پر ہوگا۔

جامعہ مدرسین نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ نے یمن پر حملے کر کے اپنی وحشیانہ اور غیر انسانی فطرت کو ایک بار پھر آشکار کر دیا ہے۔ اس نے ان حملوں کے ذریعے نہ صرف فلسطین میں جاری صہیونی بربریت کی حمایت کی بلکہ غزہ کے محصور عوام پر دباؤ بڑھانے کی کوشش بھی کی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ واشنگٹن آج اپنے داخلی بحرانوں میں الجھ چکا ہے اور مغربی ایشیا میں بھی مسلسل ناکامیوں کے باعث شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ نہتے عوام کو نشانہ بنا کر اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ حملے امریکہ کی طاقت نہیں بلکہ اس کی کمزوری اور بے بسی کو ظاہر کرتے ہیں۔

جامعہ مدرسین نے کہا کہ یمنی عوام، جو فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں، امریکی اور اسرائیلی مظالم سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ یمنی قوم اپنی استقامت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ غزہ کے مظلوم عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ یہی ایمان اور حوصلہ انہیں نصرت الٰہی سے ہمکنار کرے گا، جیسا کہ قرآن کریم میں ارشاد ہوتا ہے: کَم مِن فِئَةٍ قَلیلَةٍ غَلَبَت فِئَةً کَثیرَةً بِإِذنِ اللَّهِ وَ اللَّهُ مَعَ الصّابِرینَ۔

بیان میں امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کو کمزور اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یمنی عوام کسی کی ایما پر نہیں بلکہ مکمل آزادی اور شعور کے ساتھ امریکہ و صہیونی حکومت کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ ایران کی دفاعی حکمت عملی خودمختار ہے اور اسے کسی نیابتی جنگ کی ضرورت نہیں۔

جامعہ مدرسین نے امت مسلمہ، اسلامی ممالک اور عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ اور اس کے آلہ کاروں کی جنگ پسندی کی سخت مذمت کریں۔ مزید برآں، شام میں تحریر الشام گروہ کی جانب سے علوی مسلمانوں کے قتل عام کو بھی نظر انداز نہ کیا جائے، کیونکہ اگر ان مظالم پر خاموشی اختیار کی گئی تو اس کے بھیانک اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوں گے۔

آخر میں، جامعہ مدرسین نے ایرانی عوام کے جذبہ ایثار و قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملت ایران ہمیشہ کی طرح مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر محاذ پر اسلامی مزاحمت کی حمایت جاری رکھے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha