حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،متحدہ عرب امارات پر حملہ یمنی مظلوم عوام کاقانونی حق ہے۔یمنی فوج اور عوامی کمیٹیوں نے 6 سال سے متحدہ عرب امارات کے تجاوز کارانہ اقدامات کے خلاف صبر کا مظاہرہ کیا تھا۔ان خیالات کا اظہار مجمع طلاب شگر کے سابقہ صدر حجتالاسلام شیخ محمد علی انصاری نے حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی غاصب حکومت کے وزیر اعظم کے دورہ متحدہ عرب امارات کے بعد یمن میں اس ملک کے تجاوز کارانہ اقدامات کا پہر سے آغاز ہوا۔ صہیونیوں نے ایک بار پھر متحدہ عرب امارات کو یمن کی جنگ کی طرف ڈھکیل دیاہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی جارحیت پسند آلہ کار روزانہ یمنی شہریوں پر لاکھوں فضائی حملے کرتے ہیں اور یمنی مظلوم شہریوں کے سروں پر لاکھوں راکٹ گراتے ہیں ان مظالم اور ہرقسم کی سعودی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنا یمنی عوام کا جائز حق ہے کہ جس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ابوظہبی اور متحدہ عرب امارات کے اہم علاقوں کو نشانہ بنانا یمنی مجاہدین کا قانونی حق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات پر یمنیوں کا آخری حملہ 2018 کا ہے کیونکہ یمن پر مسلط کردہ جنگ سے متحدہ عرب امارات کے انخلاء کے بارے میں ایک بڑا جھوٹ بولنے کے باوجود یمنی مجاہدین نے حملہ بند کردیئے تھے لیکن امریکہ اور اسرائیل کے اشارے پر متحدہ عرب امارات نے یمنیوں پر ناجائز حملوں کا آغاز کیا۔اس لئے متحدہ عرب امارات کے خلاف یمنی افواج کا ردعمل مکمل طورپر جائز اقدامات ہے۔ یمنیوں کی یہ کامیابی حقیقت میں اللہ تعالٰی کے کلام کا ایک نمونہ ہے کہ فرماتاہے : «ان تنصروا الله ینصرکم و یثبت اقدامکم» اگر تم خداکی مددکروگے تو اللہ بھی تمہاری مدد کرے گا۔ اور تم کو ثابت قدمی عطا کرے گا۔اسی لئے یمن کے انصار اللہ نے مقاومت کی اور اللہ نے بھی آج ان کو ثابت قدمی عطا کیا اور دشمنوں پر فتح و نصرت عطا کی اور اب ان شا ءاللہ وہ اور بھی کامیابیاں حاصل کریں گے۔
آخر میں کہا کہ آج ہم انصار اللہ کے مظلوم مجاہدین کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے جناب سید عبدالملک الحوثي اور یمنی مجاہدین اور مظلوم عوام کو ان فتوحات کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی یمن کے عوام کو جلد از جلد عالمی استکباری قوتوں پر اور امریکہ اسرائیل وآل سعود کے شر سے نجات عطا فرمائے۔