حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ترکش ایئرلائنز کی پروازوں میں کوکاکولا کمپنی کی مصنوعات ہٹانے اور ان کی جگہ پیپسی کو کی مصنوعات شامل کرنے کے دعوؤں نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ فلسطین حامی صارفین اور بائیکاٹ مہم کے حامی کارکنان نے اس اقدام پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ “ایک امریکی برانڈ کی جگہ دوسرے امریکی برانڈ کو لانا” مسئلے کا حقیقی حل نہیں۔
رپورٹس کے مطابق بعض ترک میڈیا اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ ترکیش ایئرلائنز نے اسرائیل حامی کمپنیوں کے خلاف جاری بائیکاٹ مہموں کے دباؤ کے بعد اپنی بعض پروازوں اور لاؤنجز سے کوکاکولا مصنوعات ہٹا کر پیپسی مصنوعات کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ تبدیلی اندرونِ ترکیہ پروازوں، ایئرپورٹ لاؤنجز اور بعض بین الاقوامی پروازوں میں نافذ کی گئی ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ترکش ایئرلائنز کے وسیع فضائی آپریشن اور روزانہ بڑی مقدار میں مشروبات کے استعمال کے باعث اس تبدیلی کے لیے سپلائی اور لاجسٹک نظام میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنا پڑیں۔
تاہم سوشل میڈیا پر زیادہ تر تنقید اس بات پر کی جا رہی ہے کہ اگر کوکاکولا کو اسرائیل سے منسلک تجارتی سرگرمیوں کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے تو پھر پیپسی کو بطور متبادل پیش کرنا بائیکاٹ تحریک کے مقاصد سے مطابقت نہیں رکھتا، کیونکہ ناقدین کے مطابق پیپسی کو بھی برسوں سے اسرائیل میں تجارتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری سے وابستہ رہی ہے۔
فلسطین حامی صارفین نے یہ بھی یاد دلایا کہ پیپسی کو ماضی میں اسرائیلی کمپنی “سوڈا اسٹریم” کی مالک رہ چکی ہے، جبکہ اسرائیلی کمپنیوں کے ساتھ اس کے تجارتی روابط بھی متعدد بار تنقید کا موضوع بنے ہیں۔ اسی وجہ سے کئی صارفین نے اس مبینہ اقدام کو “صرف ظاہری تبدیلی” قرار دیتے ہوئے مزید شفافیت کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر بعض صارفین نے دونوں عالمی مشروب کمپنیوں کے شیئر ہولڈنگ ڈھانچے کی طرف بھی توجہ دلائی ہے۔ رپورٹس کے مطابق The Vanguard Group، BlackRock اور State Street Corporation جیسے بڑے سرمایہ کاری ادارے دونوں کمپنیوں میں نمایاں شیئر رکھتے ہیں، جس کے باعث ناقدین کا کہنا ہے کہ دونوں برانڈز میں بنیادی فرق بہت محدود ہے۔
اب تک ترکش ایئرلائنز کی جانب سے اس تبدیلی یا اس کے اسباب کے بارے میں کوئی تفصیلی سرکاری وضاحت سامنے نہیں آئی، تاہم ترکیہ میں معاشی بائیکاٹ، متبادل برانڈز اور فلسطین حامی مہمات کے حوالے سے بحث تاحال جاری ہے۔









آپ کا تبصرہ