حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف کے امام جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید صدرالدین قبانچی نے عید غدیر کی آمد کے موقع پر ولایت کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اسے اسلامی تعلیمات کا بنیادی ستون قرار دیا اور امتِ مسلمہ سے ہفتۂ ولایت کو بھرپور انداز میں منانے کی اپیل کی۔
انہوں نے بعض خلیجی عرب ممالک میں شیعوں کے خلاف امتیازی رویوں اور لبنان پر اسرائیلی حملوں پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔
حسینیہ اعظم فاطمیہ نجف اشرف میں نماز جمعہ کے خطبے سے خطاب کرتے ہوئے سید صدرالدین قبانچی نے یومِ عرفہ کے موقع پر کربلائے معلیٰ میں زائرین کی عظیم الشان حاضری کو ایمان اور اہل بیتؑ سے محبت کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس سال حج میں تقریباً 17 لاکھ افراد شریک ہوئے، جبکہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق یومِ عرفہ پر حضرت امام حسین علیہ السلام کے روضۂ مبارک کی زیارت کرنے والوں کی تعداد 70 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ انہوں نے اس کامیاب انتظام پر عوام، رضاکار تنظیموں اور سرکاری اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
بین الاقوامی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے امام جمعہ نجف اشرف نے بعض عرب خلیجی ممالک میں شیعوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق ہزاروں پاکستانی شیعہ صرف اپنے مسلک کی بنیاد پر بے دخل کیے گئے اور ان کے اثاثے منجمد کیے گئے، جو انسانی حقوق اور مساوات کے اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر آئین اور قوانین مذہبی آزادی اور برابری کی ضمانت دیتے ہیں تو پھر ایسے اقدامات کس بنیاد پر کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے جنوبی لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ درجنوں افراد کی شہادت اور زخمی ہونے کے باوجود عالمی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دنیا واقعی امن کی داعی ہے تو اسرائیل کی مسلسل جارحیت کے خلاف مؤثر موقف اختیار کرنا چاہیے۔
حجۃ الاسلام سید صدرالدین قبانچی نے دعائے عرفہ کے چند روح پرور جملوں کی تشریح کرتے ہوئے بندگی، عاجزی اور خدا پر توکل کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی یہ دعا انسان کو اپنی کمزوریوں کا احساس دلاتی اور اللہ تعالیٰ کی رحمت و کرم کی طرف متوجہ کرتی ہے۔
عید غدیر کی مناسبت سے انہوں نے امام محمد باقر علیہ السلام کی معروف حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام نماز، روزہ، زکات، حج اور ولایت کے پانچ ستونوں پر قائم ہے اور ولایت ان تمام اعمال کی روح اور کلید ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں غدیر کے پیغامِ ولایت، اتحاد اور دینی بصیرت کو وسیع پیمانے پر عام کیا جائے گا۔









آپ کا تبصرہ