حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آل جموں و کشمیر شیعہ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام یومِ غدیر کی عظیم الشان تقریبات انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئیں۔ ان تقریبات میں علماء کرام، دینی و سماجی شخصیات، اساتذہ، طلبہ اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ممتاز اسلامی اسکالر شیخ محمد حسن ذاکری نے یومِ غدیر کی تاریخی، دینی اور روحانی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یومِ غدیر دینِ اسلام کی تکمیل، نعمتِ الٰہی کے اتمام، اتحادِ امت اور اسلامی اقدار کے فروغ کا عظیم دن ہے۔
انہوں نے سورۂ مائدہ کی آیت "الیوم أکملت لکم دینکم وأتممت علیکم نعمتی ورضیت لکم الإسلام دیناً" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غدیر کے مقام پر حضرت امام علیؑ کی ولایت و قیادت کے اعلان نے دینِ اسلام کو مکمل کر دیا اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کو اپنے کمال تک پہنچا دیا۔

شیخ ذاکری نے حضرت امام علیؑ کی سیرت، کردار، عدل، تقویٰ، علم اور قیادت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپؑ پوری انسانیت کے لیے ایک مثالی نمونہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امام علیؑ کی تعلیمات انصاف، دیانت داری، ہمدردی، اخوت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں اور آج کے دور میں بھی انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید تعلیم کو اسلامی تعلیمات اور اخلاقی اقدار کے ساتھ جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ طلبہ اور اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علمی ترقی کے ساتھ ساتھ روحانی اور اخلاقی تربیت بھی ناگزیر ہے، جس کی بنیاد قرآنِ مجید، سیرتِ نبوی ﷺ اور تعلیماتِ اہلِ بیتؑ میں موجود ہے۔

شیخ محمد حسن ذاکری نے جموں و کشمیر میں امن، بھائی چارے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور سماجی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یومِ غدیر محبت، اخوت، اتحاد اور بقائے باہمی کا پیغام دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ اور حضرت امام علیؑ کی تعلیمات عدل، تقویٰ اور انسانی وقار کے تحفظ کی ضامن ہیں اور انہی اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ایک پُرامن اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔

یومِ غدیر کی تقریبات آل جموں و کشمیر شیعہ ایسوسی ایشن کے بینر تلے مختلف مقامات پر منعقد کی گئیں، جن میں سرینگر کے سعیدہ کدل، نگین اور بڈگام کے مولشلہ بیروہ میں ادارہ معارف العلوم اسلامیہ کے اشتراک سے خصوصی اجتماعات شامل تھے۔
تقریبات میں آل جموں و کشمیر شیعہ ایسوسی ایشن کے صدر مولوی عمران رضا انصاری، علماء کرام، اساتذہ، منتظمین اور معزز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اپنے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں شیخ محمد حسن ذاکری نے یومِ غدیر کی کامیاب تقریبات کے انعقاد پر آل جموں و کشمیر شیعہ ایسوسی ایشن، اس کے صدر مولوی عمران رضا انصاری، ادارہ معارف العلوم اسلامیہ، علماء کرام، منتظمین اور تمام شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان اجتماعات نے اتحادِ امت، دینی شعور اور اخوت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
تقریب کا اختتام وادی میں امن، خوشحالی، بھائی چارے، اتحادِ امت اور پوری مسلم اُمہ کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔









آپ کا تبصرہ