حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عید ولایت، عید سعید غدیر کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام امام بارگاہ شپ پورہ ماگام میں ایک عظیم الشان جشن غدیر تقریب منعقد ہوئی، جس میں مکاتب دینیہ کے طلبہ، علمائے کرام اور مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کی نظامت حجت الاسلام سید محمد حسین صفوی اور حجت الاسلام سید تصدق حسین نقوی نے نہایت خوش اسلوبی اور احسن انداز میں انجام دی۔
محفل میں بچوں نے نعت، منقبت، تقاریر اور دیگر رنگا رنگ پروگرام پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی، جبکہ علمائے کرام نے واقعۂ غدیر کی اہمیت، ولایت امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام اور اسلامی تعلیمات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر حجت الاسلام سید محمد حسین موسوی اور حجت الاسلام مولوی گوہر حسین نے اپنے خطابات میں غدیر کو اسلام کی تکمیل دین اور امت مسلمہ کی رہنمائی کا بنیادی سنگ میل قرار دیتے ہوئے حاضرین کو ولایتِ اہل بیت علیہم السلام سے مضبوط وابستگی اختیار کرنے کی تلقین کی۔
تقریب سے انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر، حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید غدیر مؤمنین کے لیے خوشی، مسرت اور شکرگزاری کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کی کامیابی اور نجات ولایت امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام اور اہل بیت علیہم السلام کی پیروی میں مضمر ہے۔
آغا سید حسن موسوی الصفوی نے کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم نے اللہ تعالیٰ کے تاکیدی حکم کے تحت میدان غدیر میں حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کو اپنا جانشین، ولی اور رہبر مقرر فرمایا اور امت مسلمہ سے ان کی ولایت و امامت کا عہد و پیمان لیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام سے محبت اور ان کی اطاعت درحقیقت رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی اطاعت اور دین اسلام کی حقیقی روح سے وابستگی کا نام ہے۔
اپنے خطاب میں آغا صاحب نے بچوں کی دینی و عصری تعلیم پر خصوصی زور دیتے ہوئے والدین پر تاکید کی کہ وہ نئی نسل کی علمی، اخلاقی اور تعلیمی تربیت پر بھرپور توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور باکردار نسل ہی ملت اور معاشرے کے روشن مستقبل کی ضامن ہے، لہٰذا بچوں کو دینی اقدار کے ساتھ ساتھ جدید علوم سے بھی آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تقریب کے اختتام پر بچوں اور مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔









آپ کا تبصرہ