حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، معروف شاعرِ اہلِ بیتؑ جناب سید خوشنود حسین المعروف خوشنود بھادوی کے نوحوں کے مجموعے ’’علی اکبر علی اکبر‘‘ کی رسمِ اجراء اور تعارفی تقریب ان کی رہائش گاہ، محلہ بھادی خاص، شاہ گنج جونپور میں منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام، شعرائے اہلِ بیتؑ، ادباء اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں مقررین نے کتاب کی ادبی و عزائی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مجموعہ بالخصوص حضرت علی اکبر علیہ السلام کی شہادت، ان کے مصائب اور واقعۂ کربلا کے دردناک مناظر پر مشتمل نوحوں کا انتخاب ہے۔ خوشنود بھادوی نے اپنے منفرد اندازِ بیان، سوز و گداز اور سادہ مگر مؤثر زبان کے ذریعے حضرت امام حسین علیہ السلام اور جناب ام لیلیٰ سلام اللہ علیہا کے جذبات و احساسات کی نہایت مؤثر عکاسی کی ہے۔
مقررین نے کہا کہ خوشنود بھادوی کا تعلق بھادی، شاہ گنج کے ایک علمی، ادبی اور عزادار گھرانے سے ہے، جو عرصۂ دراز سے نوحہ، قصیدہ اور مرثیہ نگاری کے ذریعے اہلِ بیت علیہم السلام کی بارگاہ میں نذرانۂ عقیدت پیش کرتا آرہا ہے۔
اس موقع پر مولانا سید معصوم رضا کیفی امام جمعہ بھادی، مولانا سید عابد حیدر عابدی کھنوائی، مولانا سید قمر رضوی، مولانا جعفر مہدی، ڈاکٹر انا محمد آبادی، ڈاکٹر ابرار حسین، ڈاکٹر حسین بھادوی، ظفر بھادوی، مہدی بھادوی سمیت متعدد علمی، ادبی اور سماجی شخصیات موجود تھیں۔
شرکاء نے اس کتاب کو مجالسِ عزا اور ماتمی انجمنوں کے لیے ایک مفید اور مستند مجموعۂ نوحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی ادبی کاوشیں عزاداریِ سیدالشہداء علیہ السلام کے فروغ اور نئی نسل تک پیغامِ کربلا پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کی نظامت حسین عباس بھادوی نے انجام دی، جبکہ آخر میں صاحبِ کتاب کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔









آپ کا تبصرہ