حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جونپور/ جامعہ امام جعفر صادقؑ، صدر امام بارگاہ جونپور میں عشرۂ مجالس کی پہلی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید صفدر حسین زیدی نے کہا کہ واقعۂ کربلا صرف تاریخ کا ایک باب نہیں بلکہ سچائی، حق پرستی اور ظلم کے خلاف قیام کا ایک عالمگیر پیغام ہے، جس نے ہر دور میں باطل قوتوں کے ایوانوں کو لرزا کر رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کربلا نے ثابت کر دیا کہ حق اور سچائی کی طاقت کبھی شکست نہیں کھاتی۔ یزید کا نام تاریخ کے سیاہ صفحات میں گم ہو چکا ہے، جبکہ حضرت امام حسینؑ کا نام حق، عدل اور انسانیت کی علامت بن کر آج بھی زندہ و تابندہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ کربلا میں حق کی یہی طاقت تھی جس نے جناب سلمان فارسیؓ کے وطن فارس سمیت پوری دنیا کے حریت پسند انسانوں کو ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ عطا کیا۔
مولانا زیدی نے عزاداری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جہاں عزاداری کے بے شمار دینی، اخلاقی اور اخروی فوائد ہیں، وہیں یہ معاشرتی ہم آہنگی، باہمی روابط اور اتحاد کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔ جب لوگ حق کے پیغام کے گرد جمع ہوتے ہیں تو ان کے اندر بھائی چارے، ایثار اور مظلوم کی حمایت کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلا تفریق مذہب و ملت منعقد ہونے والی مجالس، جلوس، علم، تابوت، نوحہ، ماتم، سلام اور مرثیہ ہمیں یہ درس دیتے ہیں کہ بہترین معاشرہ وہی ہے جہاں امیر و غریب سب مل کر مظلوم کا ساتھ دیں اور ظالم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جب جھوٹے پروپیگنڈوں کے ذریعے سچائی کو چھپانے کی کوشش کی جاتی ہے تو عزاداری کے مراکز ایک مؤثر متبادل میڈیا کا کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ پاکیزہ اجتماعات حقائق کو عوام تک پہنچانے اور سچائی کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محرم ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ حق پر قائم رہنا ہی اصل کامیابی ہے۔ جب کوئی معاشرہ سچائی کو اپنی شناخت بنا لیتا ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے مرعوب نہیں کر سکتی۔ عزاداری دراصل اسی جذبۂ حق پرستی کو ہر سال تازہ کرنے کا نام ہے تاکہ انسانیت ہمیشہ ظلم کے خلاف بیدار رہے۔









آپ کا تبصرہ