حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع جهانی تقریب مذاہب اسلامی کے سیکریٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین حمید شہریاری نے ہندوستان کے ممتاز سنی عالم دین، مفسرِ قرآن اور محدث مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔
حجۃ الاسلام حمید شہریاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ نے اپنی پوری زندگی کلمۂ توحید کی سربلندی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور اسلامی مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنسوں میں فعال کردار ادا کیا اور فلسطین و قدس کے مسئلے پر ہمیشہ مضبوط مؤقف اختیار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم مولانا نے حالاتِ حاضرہ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیشہ مسلمانوں کے مشترکہ نکات پر زور دیا، تفرقے سے اجتناب کی دعوت دی اور اپنے علمی و اخلاقی فیوض سے شاگردوں اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کی تربیت کی۔ ان کا انتقال عالمِ اسلام کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
سیکریٹری جنرل مجمع جهانی تقریب مذاہب اسلامی نے مولانا مرحوم کے تمام شاگردوں، عقیدت مندوں، اہلِ خانہ، خصوصاً ان کے فرزند ڈاکٹر سید یوسف حسینی ندوی سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس عظیم عالم دین کے انتقال پر دنیا بھر کے مسلمانوں، بالخصوص ہندوستانی مسلمانوں، کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کو بلند درجات عطا فرمائے، انہیں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی معیت نصیب کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔









آپ کا تبصرہ