حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی ذرائع کے مطابق سعودی-امریکی افواج نے عراق کے مختلف صوبوں میں متعدد مقامات پر فضائی حملے کیے، جن میں کربلا، نینویٰ، موصل، صلاح الدین، کرکوک، دیالہ، واسط اور بغداد شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق کربلا، نینویٰ اور موصل میں الحشد الشعبی کے اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ صلاح الدین کے شہر آمرلی اور کرکوک کے علاقے الدبس میں بھی مزاحمتی مراکز پر بمباری کی گئی۔ کربلائے معلیٰ میں اربعین حسینیؑ کے زائرین کے مواکب اور خدمت گاہیں بھی حملوں کی زد میں آئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق نینویٰ کے دشت میں الحشد الشعبی کی 30ویں بریگیڈ کے 10 اہلکار شہید اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ زخمیوں کی حتمی تعداد ابھی سامنے نہیں آئی۔
عراقی ذرائع نے بغداد کے جنوب میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی بھی اطلاع دی ہے۔ اسی دوران امریکی فوج اور سعودی وزارتِ دفاع نے الگ الگ بیانات میں عراق کے بعض علاقوں میں کارروائیوں کی تصدیق کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق صوبہ دیالہ میں کیمپ اشرف اور سازمان بدر کے دوسرے ہیڈکوارٹر، جبکہ صوبہ واسط میں الفتح المبین کیمپ بھی حملوں کا نشانہ بنے۔ مزید برآں، بغداد کے علاقے المدائن اور پایۂ شہید ابو منتظر الحمیداوی کی جامع مسجد اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر بھی فضائی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
تاحال ان اطلاعات کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق نہیں ہو سکی ہے، جبکہ عراقی حکام کی جانب سے مزید تفصیلات جاری کیے جانے کا انتظار ہے۔









آپ کا تبصرہ