حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انسان کی تربیت اور اخلاقی کمال دینی تعلیمات اور سیرت اہل بیت علیہم السلام کے بنیادی ترین مقاصد میں شمار ہوتا ہے کیونکہ انسان کا حقیقی کمال باطن کی پاکیزگی، کردار کی اصلاح اور قرب الٰہی کی راہ پر شعوری سفر سے وابستہ ہے۔
حجۃ الاسلام مسعود عالی نے اپنے خطاب کے ایک حصے میں سید الشہداء علیہ السلام کے نورانی مکتب کے ذریعے انسان کی تربیت اور کمال کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: دین میں بعض ایسے اعمال اور معارف موجود ہیں جنہیں ’’شاہ کلید‘‘ یا "ماسٹر کی" قرار دیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر نماز بھی انہی شاہ کلیدوں میں سے ایک ہے اور اسی وجہ سے دینی تعلیمات میں اس پر بہت زیادہ تاکید کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: اگر انسان نماز کا پابند ہو اور اسے توجہ اور مراقبت کے ساتھ ادا کرے تو اللہ تعالیٰ بتدریج اس کا ہاتھ تھام لیتا ہے، اس کی روحانی اور اخلاقی آلودگیوں کو پاک کرتا ہے اور اسے رشد و کمال کی راہ پر گامزن کر دیتا ہے۔
اس معروف خطیب نے کہا: ہمارے مکتب کی ایک اور شاہ کلید، جس پر مجھے مکمل اعتقاد ہے اور اللہ تعالیٰ میرے اس یقین پر گواہ ہے، سید الشہداء علیہ السلام کا نورانی مکتب ہے۔ سید الشہداء علیہ السلام کا مکتب حقیقتاً انسان کی نجات، تربیت اور اللہ تعالیٰ سے قرب حاصل کرنے کے لیے ایک عظیم شاہ کلید ہے۔
حجۃ الاسلام مسعود عالی نے کہا: اگر انسان اس نورانی مکتب سے صحیح طور پر استفادہ کر سکے تو وہ قرب الٰہی کے بلند ترین مراتب تک پہنچ سکتا ہے۔ اگر ہم زیارت عاشورا میں غور کریں تو دیکھتے ہیں کہ یہ زیارت انسان کو کس قدر بلند مقامات تک لے جاتی ہے اور کس طرح اسے اہل بیت علیہم السلام کی محبت، ولایت اور قرب کی بلندیوں تک پہنچاتی ہے۔









آپ کا تبصرہ