پیر 10 اگست 2026 - 10:14
غم، محرومی اور مشکلات میں خدا کو اپنا سہارا بنائیں: حجت الاسلام رفیعی

حوزہ/ استاد حوزہ و یونیورسٹی حجت الاسلام والمسلمین رفیعی نے امام سجادؑ کی دعائے مکارم الاخلاق کی تشریح کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسان کو غم، محرومی اور مشکلات کے تین اہم مراحل میں خداوند متعال کو اپنا سہارا اور پناہ گاہ بنانا چاہیے اور مشکلات کے سامنے خود کو نہیں ہارنا چاہیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، استاد حوزہ و یونیورسٹی حجت الاسلام والمسلمین رفیعی نے امام سجادؑ کی دعائے مکارم الاخلاق کی تشریح کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسان کو غم، محرومی اور مشکلات کے تین اہم مراحل میں خداوند متعال کو اپنا سہارا اور پناہ گاہ بنانا چاہیے اور مشکلات کے سامنے خود کو نہیں ہارنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بعض غم انسان کے اپنے اعمال کا نتیجہ ہوتے ہیں، جیسے حرام خواہشات، غصہ، کینہ، دنیا سے حد سے زیادہ وابستگی اور حسد۔ ایسے غم سے انسان کو اپنے رویے کی اصلاح اور خدا سے تعلق مضبوط کرکے بچنا چاہیے۔ تاہم ہر غم برا نہیں ہوتا؛ عزیزوں کی جدائی اور مصیبت پر فطری غم انبیائے کرامؑ اور اہل بیتؑ کی زندگی میں بھی نظر آتا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ انسان مصیبت کے وقت خدا سے شکوہ اور بے صبری نہ کرے۔

حجت الاسلام رفیعی نے غم دور کرنے کے ذرائع میں ذکرِ خدا، استغفار، «لا إله إلا أنت سبحانک إنی کنت من الظالمین» اور «لاحول ولاقوة إلا بالله» کا ذکر کیا اور کہا کہ روایات کے مطابق کثرت سے استغفار انسان کے غموں میں کشادگی اور مشکلات سے نکلنے کا راستہ فراہم کرتا ہے۔ اہل بیتؑ کی زیارت اور امام حسینؑ کی مصیبت پر گریہ بھی دل کے سکون کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے دعائے مکارم الاخلاق کے دوسرے فقرے «وأنت منتجعی إن حرمت» کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انسان جب کسی چیز سے محروم ہو جائے تو اسے خدا کو اپنا سہارا بنانا چاہیے۔ کبھی محرومی انسان کے غلط رویوں کا نتیجہ ہوتی ہے اور کبھی ایسی حکمت پر مبنی ہوتی ہے جسے انسان نہیں سمجھ پاتا۔ ممکن ہے جس چیز کو ہم نقصان سمجھ رہے ہوں، وہ مستقبل میں کسی بڑے خیر کا سبب بن جائے۔

استاد حوزہ و یونیورسٹی نے تیسرے فقرے «وبک استغاثتی إن کرثت» کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ سخت حالات میں خدا سے استغاثہ، یعنی عاجزی اور اضطرار کے ساتھ مدد طلب کرنا، مومن کا سہارا ہے۔

انہوں نے تاکید کی کہ انسان غم، محرومی اور مشقت میں خود کو نہ ہارے بلکہ دعا، استغفار، ذکر، زیارت اور توسل کے ذریعے خدا سے اپنا تعلق مضبوط کرے اور یقین رکھے کہ خداوند متعال زندگی کے ہر مرحلے میں بہترین سہارا اور پناہ گاہ ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha