حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے مقدس شہر قم میں غم و سوگ کی فضا چھائی ہوئی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں، مساجد، امام بارگاہوں اور مذہبی مراکز میں مجالس عزا منعقد کی گئیں، جبکہ زائرین اور عزاداروں نے حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضۂ مبارک میں حاضر ہو کر بی بی کو امام رضاؑ کا پرسہ پیش کیا۔
شہر قم، جسے حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی نسبت سے ’’شہرِ اخت الرضا‘‘ بھی کہا جاتا ہے، یوم شہادت امام رضا علیہ السلام پر سیاہ پوش نظر آیا۔ گھروں، گلیوں اور مذہبی مراکز پر سوگ کے پرچم نصب کیے گئے اور ہر طرف ’’یا رضا یا رضا‘‘ کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔
حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضۂ مبارک میں زائرین اور مجاورین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عزاداروں نے سینہ زنی اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت پر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا اور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کو تعزیت پیش کی۔ اس موقع پر امام رضا علیہ السلام کی خصوصی زیارت اور صلوات بھی پڑھی گئی۔
حرم مطہر کے خدام نے بھی مسجد امام حسن عسکری علیہ السلام سے حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا تک عزاداری کا جلوس نکالا۔ ماتمی جلوس میں ذاکرین اہل بیت علیہم السلام نے نوحہ خوانی کی اور عزاداروں نے امام رضاؑ کی یاد میں سوگ منایا۔
قم کے مراجع تقلید اور علمائے کرام کے گھروں میں بھی مجالس عزا منعقد ہوئیں۔ ان مجالس میں علما، فضلا، طلبہ اور عوام نے شرکت کی۔ مقررین نے امام رضا علیہ السلام کی سیرت، فضائل اور علمی و اخلاقی مقام پر روشنی ڈالی، جبکہ ذاکرین نے مرثیہ خوانی کی۔
شہر کی مساجد اور مذہبی مراکز، خصوصاً مسجد مقدس جمکران، بھی عزاداروں سے بھرے رہے۔ لوگوں نے امام رضا علیہ السلام کی شہادت پر اشک غم بہائے اور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت میں تعزیت پیش کی۔
قم کے مختلف علاقوں میں عوامی موکب بھی قائم کیے گئے، جہاں عزاداروں اور حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے زائرین میں شربت، کیک اور گرم کھانا تقسیم کیا گیا۔
شہادت امام رضا علیہ السلام کے دن حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضۂ مبارک سے امام رضا علیہ السلام کی زیارت کرنا بھی اس سوگوار ماحول کا نمایاں حصہ رہا۔ یوں قم کے مومنین نے اپنی غمگسار بہن حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضۂ مبارک سے ان کے بھائی، امام رضا علیہ السلام کو سلام اور پرسہ پیش کیا۔









آپ کا تبصرہ