جمعرات 27 اگست 2026 - 13:17
عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر ٹیکسلا راولپنڈی میں وحدت امت کا شاندار مظاہرہ

حوزہ/ یومِ عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر شیعہ علماء کونسل تحصیل ٹیکسلا کی جانب سے وحدتِ امت کے عملی اظہار کے طور پر استقبالی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء، مذہبی و سماجی شخصیات اور عاشقانِ رسول (ص) نے شرکت کرتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد و یکجہتی کا خوبصورت پیغام دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہر سال کی طرح امسال بھی رہبرِ امت اور قائدِ ملت کی طرف سے وحدت امت کے پیغام کو عملی شکل دینے کے لیے شیعہ علماء کونسل تحصیل ٹیکسلا ضلع راولپنڈی نے تحصیل صدر سردار سید چراغ علی نقوی اور ان کی فعال کابینہ کی میزبانی میں یوم عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مناسبت سے ایک بہترین استقبالی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جہاں مختلف مکاتب فکر کے عاشقان رسول (ص) نے شرکت کرکے وحدت کا عملی نمونہ پیش کیا۔

عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر ٹیکسلا راولپنڈی میں وحدت امت کا شاندار مظاہرہ

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنماء سید اظہار بخاری ، صوبائی رہنماء مولانا سید جعفر نقوی سمیت مختلف شیعہ سنی تنظیموں کے ذمہ داران ، علمائے کرام ، میلاد کمیٹیوں کے اراکین ، نعت خوان حضرات ، منقبت خوان ، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے عہدیداران ، سماجی شخصیات اور عام شہریوں نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔

عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر ٹیکسلا راولپنڈی میں وحدت امت کا شاندار مظاہرہ

دورانِ استقبال دیدنی مناظر دیکھنے کو ملے جہاں شیعہ علماء نے ہاتھوں میں ہار تھامے مسکراتے چہروں سے اپنے برادران اہل سنت کا استقبال کیا اور میٹھے دودھ کی سبیل سے توضع کی وہاں اہل سنت علماء نے بھی خوشدلی اور وسعت قلبی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ میزبانی قبول کی مصافحہ اور معانقہ کیا مبارکباد دی اور وصول کی۔ سبیل سے بلاجھجک استفادہ کیا اور شیعہ اسٹیج سے تقاریر و نعت خوانی بھی کی اور شیعہ علماء کونسل کے ذمہ داران کا بارہا شکریہ ادا کیا۔

عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر ٹیکسلا راولپنڈی میں وحدت امت کا شاندار مظاہرہ

مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ لوگ سمجھیں یا نہ سمجھیں ، مانیں یا نہ مانیں ، قبول کریں یا نہ کریں چشم پوشی کریں یا حقائق دشمنی کریں لیکن یہ بات طے ہے کہ پاکستان میں پائے جانے والے مسلکی تعصب ، فرقہ وارانہ کشیدگی اور شدت پسندانہ مذہبی سوچ کا واحد علاج وحدت وحدت اور صرف وحدت ہے جس دن ہمیں احساسِ وحدت ہو جائے گا پاکستان میں مذہبی و مسلکی سطح پر امن و امان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha