حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہر سال کی طرح اس سال بھی علی منزل، بھیک پور، ضلع سیوان، بہار میں 9 ربیع الاول کی مناسبت سے جشنِ عیدِ زہرا سلام اللہ علیہا کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء، شعرائے کرام اور مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت سید ندیم رضوی نے حاصل کی، جبکہ نظامت کے فرائض سید انتظار حسین رضوی نے انجام دیے۔ اس موقع پر مولانا محمد رضا معروفی نے افتتاحی خطاب کیا، جبکہ اختتامی تقریر مولانا سید شمع محمد رضوی نے کی۔ جشن کے دوران ایک طرحی مصرع بھی دیا گیا، جس پر شعرائے کرام نے اپنی طبع آزمائی کرتے ہوئے منظوم کلام پیش کیا۔
بانیِ ادارہ مولانا سید شمع محمد رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان میں صدیوں سے اہلِ بیت علیہم السلام کی محبت اور عزاداری کی عظیم روایت قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا چاند نظر آنے سے لے کر 8 ربیع الاول تک اہلِ بیت علیہم السلام کے مصائب و آلام کو یاد کیا جاتا ہے، جبکہ 9 ربیع الاول سے سال کی خوشیوں کا آغاز جشنِ عیدِ زہرا سلام اللہ علیہا سے ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خوشی میں بھی شریک ہونے کے اظہار کے طور پر نظم و نثر کی محافل منعقد کی جاتی ہیں اور تاریخِ اہلِ بیت علیہم السلام سے وابستہ خوشیوں کا تذکرہ کیا جاتا ہے۔ مومنین اس دن خوشی کا اظہار کرتے، مٹھائیاں تقسیم کرتے اور نئے لباس زیبِ تن کرتے ہیں۔
مولانا سید شمع محمد رضوی نے مزید کہا کہ بعض روایات میں اس دن کی اہمیت اور فضیلت کا تذکرہ ملتا ہے اور اہلِ بیت علیہم السلام سے محبت رکھنے والے مومنین اس مناسبت کو خوشی کے دن کے طور پر مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی معاشرے میں عید کے مختلف مواقع ہیں اور 9 ربیع الاول بھی اہلِ بیت علیہم السلام سے عقیدت رکھنے والوں کے نزدیک ایک اہم اور خوشی کا موقع ہے۔
انہوں نے مومنین سے اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات پر عمل کرنے اور حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور کے لیے دعا کرنے کی تاکید کی۔ تقریب کا اختتام دعا برائے تعجیلِ ظہورِ حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف پر ہوا، جس کے بعد آئندہ سال دوبارہ جشنِ عیدِ زہرا سلام اللہ علیہا کے انعقاد کے عزم کے ساتھ محفل اختتام پذیر ہوئی۔









آپ کا تبصرہ