۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
سید شمع محمد رضوی

حوزہ/ صوبہ بہار کے علاقے بھیک پور میں حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای کے زیر اہتمام ایک جلسہ منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں کنفرانس "ہفتہ وحدت" کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ امسال بھی ہفتہ وحدت کا اہتمام حسب روایت کیا جائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،صوبہ بہار کے علاقے بھیک پور میں حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای کے زیر اہتمام ایک جلسہ منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں کنفرانس "ہفتہ وحدت" کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ امسال بھی ہفتہ وحدت کا اہتمام حسب روایت کیا جائے گا۔

اجلاس میں حوزہ کے موسسین اور دیگر اہم شخصیات، جن میں حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید علی رضوی اور شاعر اہل بیت سید انتظار حسین رضوی اور قرآن و عترت فاؤنڈیشن کے موسس، حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید شمع محمد رضوی شریک تھے۔

مولانا سید شمع محمد رضوی نے اس موقع پر کہا کہ اہل سنت اور اہل تشیع کے درمیان اتحاد امام خمینیؒ کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای کا ہفتہ وحدت کے عنوان سے یہ پروگرام اپنی نوعیت کا منفرد اور باوقار پروگرام ہے اور ان شاء اللہ ہر سال اسی جوش و خروش سے منعقد ہوتا رہے گا۔"

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اس سال کے پروگرام میں ممتاز قاریان قرآن، علمائے کرام اور معروف شعراء کو مدعو کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ناظم محفل کی تقرری اور محفل کے لیے مصرعہ طرح کا انتخاب بھی ضروری قرار دیا گیا۔ مزید نشستوں میں اساتذہ اور محققین کے ساتھ مقالہ خوانی کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔

مولانا سید شمع محمد رضوی نے کہا کہ امام خمینیؒ ہمیشہ ظلم کے خاتمے اور عدالت کے قیام کے لیے کوشاں رہے۔ آپ نے نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی تاریخ 12 سے 17 ربیع الاول کو "ہفتہ وحدت" کے طور پر منانے کا اعلان کیا، تاکہ ایک معمولی سا عددی اختلاف مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی علامت بن جائے۔ یہ کہنا بجا ہوگا کہ شیعہ سنی وحدت امام خمینیؒ کی محنتوں کا نتیجہ ہے۔

امام خمینیؒ کے اس پیغام کو رہبر انقلاب اسلامی سید علی خامنہ ای نے بھی جاری رکھا اور شیعہ سنی اتحاد کی کوششوں کو عملی جامہ پہنایا۔ رہبر معظم نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کو انسانیت کی تکمیل کا ذریعہ قرار دیا ہے اور ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات وہ محور ہے جس سے تمام مسلمان جڑے ہوئے ہیں۔

عاشقین امام خمینیؒ کو ہفتہ وحدت کا پروگرام منانا چاہئے، مولانا شمع محمد رضوی

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .