حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نئی دہلی/ نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ عوام کے ساتھ انسانی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے ایک مرکزی وفد نے آج نیپال کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور متاثرین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وفد نے اس موقع پر متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے لیے عملی اقدامات کا بھی اعلان کیا۔
جماعت اسلامی ہند کے نائب صدر پروفیسر سلیم انجینئر کی قیادت میں وفد میں مرکزی سکریٹریز جناب شفیع مدنی، جناب آئی۔ کریم اللہ اور جناب عتیق الرحمن شامل تھے۔ وفد نے نیپال کے سفارتخانے میں سفارتخانے کے کونسلر اور مشن کوآرڈینیٹر مسٹر پرکاش ملا سے ملاقات کی اور سیلاب سے متاثرہ عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

وفد نے نیپال میں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ عوام خود کو تنہا نہ سمجھیں۔ وفد نے بتایا کہ جماعت اسلامی ہند کی ایک امدادی ٹیم جلد ہی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گی، جہاں وہ زمینی صورتِ حال کا جائزہ لے کر متاثرین کی ضروریات کا تعین کرے گی اور امداد و بحالی کے لیے آئندہ کے لائحۂ عمل کو حتمی شکل دے گی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی ہند کی جانب سے خدمتِ خلق، انسانی ہمدردی اور بلاامتیاز ضرورت مندوں کی مدد کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔ وفد نے واضح کیا کہ قدرتی آفات کسی مذہب، قوم یا سرحد کی بنیاد پر تفریق نہیں کرتیں، اس لیے مصیبت میں گھرے انسانوں کی مدد بھی بلاامتیاز ہونی چاہیے۔ مسلمانوں کی تعلیمات میں بھی انسانیت کی خدمت، مصیبت زدہ افراد کی مدد اور ضرورت مندوں کا سہارا بننے کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
نیپال کے سفارتخانے کی جانب سے وفد کے اظہارِ ہمدردی اور امدادی اقدامات کا خیرمقدم کیا گیا۔ سفارتخانے نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے سلسلے میں جماعت اسلامی ہند کو اپنے مکمل تعاون اور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔









آپ کا تبصرہ