حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بحرین میں شیعہ علماء، خطیبوں، ذاکروں، ائمہ جماعت اور حسینیہ و امام بارگاہوں سے متعلق حالیہ عدالتی و سکیورٹی اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ ایک بحرینی مصنفہ کے مطابق، معاملہ اب صرف انفرادی گرفتاریوں اور مقدمات تک محدود نہیں رہا بلکہ مذہبی اجتماعات، شعائر اور اوقاف تک پھیلتا دکھائی دے رہا ہے، جس سے مذہبی آزادی اور منصفانہ عدالتی کارروائی کے حوالے سے سوالات پیدا ہوئے ہیں۔
بحرینی مصنفہ زینب علی نے اپنے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ بعض علماء کے مقدمات کئی گھنٹوں تک جاری رہے ہیں۔ ان کے مطابق بعض قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان مقدمات کی نوعیت محض افراد کے خلاف کارروائی سے آگے بڑھ کر ایک مخصوص مذہبی طبقے کی سرگرمیوں کو محدود کرنے کی کوشش جیسی محسوس ہوتی ہے۔
مضمون میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ عرصے کے دوران بحرین میں گرفتاریوں اور عدالتی کارروائیوں کا دائرہ علماء کے ساتھ ساتھ خطیبوں، ذاکروں، ائمہ جماعت اور حسینیہ و امام بارگاہوں کے ذمہ داران تک بھی پھیلا ہے۔ اس کے علاوہ شیعہ مذہبی شعائر، اوقاف اور دیگر مذہبی مظاہر سے متعلق بھی مختلف پابندیوں اور اقدامات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
زینب علی کے مطابق، بعض مقدمات میں عائد الزامات کسی واضح مجرمانہ عمل کے بجائے مذہبی تقریر، عقائد یا مذہبی شعائر سے متعلق دکھائی دیتے ہیں۔ اسی لیے یہ سوال اہم ہو جاتا ہے کہ کیا افراد کو ان کے کسی مخصوص عمل کی بنیاد پر قانونی کارروائی کا سامنا ہے یا ان کی مذہبی وابستگی اور سرگرمیاں ہی کارروائی کی وجہ بن رہی ہیں۔
مضمون میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ بعض علما کے ساتھ عدالتوں میں نامناسب سلوک اور دباؤ ڈالے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ ان الزامات کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر یہ دعوے درست ثابت ہوں تو معاملہ صرف قانونی کارروائی کا نہیں بلکہ ملزمان کے بنیادی حقوق اور منصفانہ مقدمے کے اصولوں کا بھی ہے۔
دوسری جانب، مذہبی اوقاف اور حسینیہ و امام بارگاہوں سے متعلق بعض فیصلوں پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ مضمون میں جلوسوں، امام بارگاہوں کے بیرونی لاؤڈ اسپیکروں اور بعض مذہبی افراد کے مقدس مقامات کی زیارت کے لیے سفر سے متعلق پابندیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔
مصنفہ نے زور دیا کہ ان تمام اقدامات کو الگ الگ دیکھنے کے بجائے مجموعی صورتحال کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق، مذہبی آزادی کا دفاع کسی ایک مذہب کے لیے خصوصی رعایت کا مطالبہ نہیں بلکہ ہر شہری کے اس بنیادی حق کا دفاع ہے کہ وہ اپنے عقائد اور مذہبی شعائر کو امن و آزادی کے ساتھ ادا کر سکے۔
مضمون کے مطابق، اگر کسی فرد پر مخصوص جرم کا الزام ہے تو اس کا فیصلہ شفاف اور منصفانہ عدالتی کارروائی اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ہونا چاہیے؛ تاہم اگر مذہبی وابستگی یا پرامن مذہبی سرگرمیوں کی بنیاد پر مسلسل کارروائیاں ثابت ہوں تو یہ معاملہ انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کا وسیع مسئلہ بن جاتا ہے۔









آپ کا تبصرہ